کراچی، قصبہ کالونی میں واقع واٹربورڈ کے پمپنگ اسٹیشن پر پانی سے محروم شہریوں نے دھاوا بول دیا

مشتعل مظاہرین نے پمپنگ اسٹیشن کے دروازے توڑدیئے جس کے بعد واٹربورڈ کا عملہ بمشکل اپنی جان بچاکر بھاگ نکلا

جمعہ 15 جون 2018 17:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2018ء) کراچی کے علاقے قصبہ کالونی میں واقع واٹربورڈ کے پمپنگ اسٹیشن پر پانی سے محروم شہریوں نے دھاوا بول دیا ۔مشتعل مظاہرین نے پمپنگ اسٹیشن کے دروازے توڑدیئے جس کے بعد واٹربورڈ کا عملہ بمشکل اپنی جان بچاکر بھاگ نکلا ۔تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں پانی کا بحران شدت اختیار کرتا جارہا ہے ۔

قصبہ کالونی کے علاقے میں پیاسے شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا اورانہوںنے پمپنگ اسٹیشن پر دھاوا بول دیا ۔200 سے زائد نامعلوم افراد نے پمپنگ اسٹیشن میں توڑ پھوڑ کی۔پمپنگ اسٹیشن کے دروازے توڑ دئیے گئے اورعملے پر تشددکیا گیا ۔اچانک حملے کے بعد واٹر بورڈ کا عملہ بمشکل جان بچا کر بھاگ نکلا۔حملہ کرنے والے نامعلوم افراد تمام والو آپریشن کی چابیاں بھی ہمراہ لے گئے۔

(جاری ہے)

پولیس نے قریب میں موجود ہونے کے باوجود کارروائی کے بجائے تماش بین بنی رہی۔واضح رہے کہ شہر میں حالیہ بدترین آبی بحران نے عوام کو قانون ہاتھ میں لینے پر مجبور کررکھا ہے۔اس قسم کے واقعات میں تیزی دیکھنے میں آرہی ہے۔پانی تقسیم کے طریقہ کار میں خامیاں اور بدعنوانیاں ختم کرنا وقت کی اہم ضرورت بن گیا۔والو آپریشن پر عوام کے قبضوں سے شہر میں تقسیم آب کا نظام درہم برہم ہونے کا خدشہ ہے۔