جمعتہ الوداع کا پیغام اُمت میں وحدت کو فروغ دینا ہے‘مولانا سید عبد الخبیرآزاد

وطن عزیز مملکت خدادد پاکستان اللہ تعالیٰ کی نعمت عظمیٰ اوررمضان المبارک کا ثمرہ ہے ْقبلہ اول وحرمین الشریفین کے ساتھ محبت ایمان کا اولین تقاضا ہے ‘خطیب باد شاہی مسجد لاہور

جمعہ 15 جون 2018 17:34

جمعتہ الوداع کا پیغام اُمت میں وحدت کو فروغ دینا ہے‘مولانا سید عبد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2018ء) باد شاہی مسجد کے خطیب وامام اور چیئر مین مجلس علماء پاکستان مولانا سید عبدالخبیر آزادنے کہا ہے کہ قرآن اور رمضان اُمت میں وحدت اور یکجہتی کا عالم گیر پیغام دیتے ہیں ،امت مسلمہ کو قرآن کے پیغام امن کو پوری دنیا کے سامنے موٌثر طریقہ پر پیش کرنا چاہیے ۔انہوں نے جمعتہ الوداع کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعتہ الوداع کا پیغام یہ ہے کہ افراد تعصب و تنگ نظر ی کو الوداع کہیں ،اور اسلام کے پیش کردہ عالمی و بین الاقوامی رشتہ وحدت کو مضبوط بنائیں ،حرمین الشریفین اور سعودی عرب کے ساتھ محبت ہمارے ایمان کا اولین تقاضا ہے۔

مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ پوری دنیا کے مسلمان حرمین الشریفین کے ساتھ ایمان و یقین کے مضبوط رشتہ سے جڑے ہوئے ہیں،اور ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، حرمین الشریفین اور سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے مسلمانوں کی محبت مثالی ہے۔

(جاری ہے)

دنیا کی کوئی طاقت حرمین الشریفین اور سعودی عرب کے ساتھ مسلمانوں کی عقیدت کو ختم نہیں کر سکتی ۔انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان کو اپنے کردار وعمل کو اسلام کے مطابق ڈھالنا چاہئے ،رمضان المبارک میں نیکیوں کا جو رنگ ہماری زندگیوں پر غالب رہا ہے ہماری پوری کوشش ہونی چاہئے کہ ہماری آئندہ زندگی میں نیکی کا یہ رنگ غالب رہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا تحفظ اور استحکام ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے ،پاکستان کی نعمت بھی ہمیں رمضان المبارک میں حاصل ہوئی اس کی ہمیں دل و جان سے قدر کرنی چاہئے۔نمازجمعہ کے بعد مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے اِتحاد اُمت اور حرمین الشریفین و مسجد اقصیٰ کی حفاظت کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہماری دعائوں کو شرف قبولیت بخشے اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی مدد و نصرت فرمائے اور اُمت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نجات عطا ء فرمائے اور قبلہ ا ول بیت المقدس کو آ زاد فرمائے ۔آمین ثم آمین ۔