عید خوشیاں منانے کے ساتھ ساتھ اللہ تعالی کا شکرادا کرنے کا بھی دن ہے، گورنرسندھ

رمضان المبارک میں امن و امان اور سکیورٹی یقینی بنانے پر قانون نافذ کرنے والے ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں۔ عید پر تہنیتی پیغام

جمعہ 15 جون 2018 17:34

عید خوشیاں منانے کے ساتھ ساتھ اللہ تعالی کا شکرادا کرنے کا بھی دن ہے، ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے عید الفطر کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ رمضان المبارک کی باسعادت گھڑیوں کے اختتام کے بعد عید الفطر مسلم امہ پر اللہ تعالی کا خاص انعام ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید الفطر ہمیںخوشیاں منانے کے ساتھ ساتھ غریب، نادار اور ضرورت مند مسلمانوں کی جانب توجہ دینے کا بھی درس دیتی ہے تاکہ وہ بھی اس پر مسرت تہوار میں شریک ہو سکیں۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ عید خوشیاں بانٹنے کا تہوار ہونے کے ساتھ باری تعالی کی نعمتوں کا شکر اداکرنے کا بھی دن ہے۔ انہوں نے کہا ملک تاریخ کے اہم موڑ سے گذر رہا ہے ، 25جولائی کو ہونے والے انتخابات ملک کی تعمیر و ترقی کی نئی سمت مقرر کریں گے۔ انہوں نے کہاعید الفطر کے بعد سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی اور مختلف سیاسی جماعتیں اپنے اپنے منشوراور کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے سامنے جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا عید الفطر پر ملک کی تعمیر و ترقی، خوشحالی ،انتخابی عمل کے خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل تک پہنچے کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ رمضان المبارک میں امن و امان کو یقینی بنانے اور فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے پر قانون نافذ کرنے والے ادارے بشمول رینجرز اور پولیس خصوصی مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے مارکیٹوں ، شاپنگ مالز اور دیگر عوامی مقامات پر عوام کے بے پناہ رش کے باوجود سکیورٹی کو یقینی بنایا۔ گورنر سندھ نے صوبہ کے عوام کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا شکریہ بھی اداکیا۔