متحدہ عرب امارات :دُنیا کابلند ترین لائیو فُٹ بال سکور بورڈ بُرج خلیفہ پر نصب کر دیا گیا

فٹ بال ورلڈ کپ کے آغاز کے ساتھ ہی کھیل کے جنونیوں کا جوش و خروش دیدنی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 15 جون 2018 16:59

متحدہ عرب امارات :دُنیا کابلند ترین لائیو فُٹ بال سکور بورڈ بُرج خلیفہ ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جُون 2018ء) گزشتہ روز رُوس کے دارالحکومت ماسکو میں 21ویں فٹ بال ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ کے آغاز کے ساتھ ہی دُنیا بھر میں فٹ بال کے دیوانوں کا جوش و جذبہ آسمان کو چھونے لگا ہے۔ منچلوں نے فٹ بال میچز دیکھنے کے لیے بڑے سائز کی ٹی وی سکرینیں خرید لی ہیں۔ دوستوں اور گھر والوں کے ساتھ مِل کر میچز دیکھے جا رہے ہیں۔

ہر کوئی اپنی فیورٹ ٹیم کی جیت کے حوالے سے پُراُمید نظر آتا ہے۔ اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کی تصویروں اور نمبر والی شرٹس پہن کر اُن سے پنی محبت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ کئی ممالک میں سٹیڈیم اور پارکس میں مقامی حکومتوں اور متمول افراد کی جانب سے خصوصی سکرینیں لگوا کر شائقین کی بڑی تعداد کو میچز دیکھنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

فُٹ بال کا کھیل متحدہ عرب امارات میں بھی مقبول ترین کھیل مانا جاتا ہے۔

عام دِنوں میں بھی یہاں کے پارکوں میں لاکھوں افرادفٹ بال کھیلتے نظر آتے ہیں۔ فٹ بال کے ساتھ اِسی دیدنی عشق کو مدنظر رکھتے ہوئے دُنیا کی بلند ترین عمارت بُرج خلیفہ پر دُنیا کا سب سے بڑا سکور بورڈ تعینات کر دیا گیا ہے جس پر فٹبال میچوں کے دوران گول کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا جائے گا۔ ایک مہینے پر محیط 21ویں فٹ بال ورلڈکپ کے تمام میچوں کے دوران سکور بورڈ گولز کے بارے میں بتانے کے لیے اپ ڈیٹ ہوتا رہے گا۔

اس سکور بورڈ پر میچ کے دوران گول کرنے والی ٹیم کا پتا اُس کے مُلک کے جھنڈے کے نشان کے ذریعے بتایا جائے گا۔ سینکڑوں فٹ لمبی یہ سکرین دیکھنے والوں کی خاص توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ اس سکرین کے نصب کرنے کا مقصد اُن لوگوں کو میچز کی صورتِ حال سے آگاہ رکھنا ہے جو کسی ضرورت اور شاپنگ کی غرض سے گھر سے باہر ہونے کے باعث میچ سے لطف اندوز ہونے سے رہ جاتے ہیں۔