شجاعت بخاری ریاست کا نڈر بیٹا تھا ،بھارتی فوج کے تمام تر ظلم و جبر کے باوجود حق و سچ کا علم بلند رکھا، مشتاق منہاس

بھارت کے ایسے حربوں سے تحریک آزادی کشمیر پر کوئی اثر نہیں پڑیگا ،کشمیری ہر حال میں بھارت سے آزادی چاہتے ہیں اور وہ یہ لے کر رہیں گے، وزیر اطلاعات آزاد کشمیر

جمعہ 15 جون 2018 16:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2018ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات،سیاحت و آئی ٹی راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے شجاعت بخاری ایک دلیر صحافی اور ریاست کا نڈر بیٹا تھا جس نے بھارتی فوج کے تمام تر ظلم و جبر کے باوجود حق و سچ کا علم بلند رکھا۔شجاعت بخاری کی شہادت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ کشمیر کی فضاء سوگوار اور ہر آنکھ پر نم ہے۔

وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار اپنے خصوصی بیان میں کیا۔راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ بھارت کے خفیہ اداروں نے جس بزدلی کے ساتھ انہیں نشانہ بنایا اور کشمیر کی ایک طاقتور آواز کو گولی کے ذریعے دبایا اس کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قلم کو بندوق کے ذریعے نہ پہلے کبھی زیر کیا جا سکا ہے نہ اب کیا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت جس طرح کشمیری عوام کی نسل کشی کی راہ پر گامزن ہے اس نے حالات کو انتہائی تشویش ناک بنا دیا ہے۔وزیر اطلاعات نے مقبوضہ کشمیر کی صحافی برادری اور شجاعت بخاری کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوے اسے بڑا نقصان قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے اس طرح کے حربوں سے تحریک آزادی کشمیر پر کوئی اثر نہیں پڑے گا کشمیری ہر حال میں بھارت سے آزادی چاہتے ہیں اور وہ یہ لے کر رہیں گے۔