عیدالفطر ہمیں غریب، نادار، مستحق افراد کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنے، باہمی اتحاد ویگانگت کا درس دیتی ہے، ڈاکٹر جمال ناصر

جمعہ 15 جون 2018 16:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2018ء) عید الفطر کا روز سعید مسلم اُمہ کے لیے مسرت و شادمانی کا دن ہے رمضان کی برکتوں کو سمیٹنے کے بعد یہ با برکت تہوارہمیں آپس میں مل بیٹھ کر خوشیاں منانے ،غریب ،نادار اور مستحق افراد کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنے اور باہمی اتحادو یگانگت، اخوت و بھائی چارہ قائم کرنے کا درس دیتا ہے ،آج کے دن ہمیں عہد کرنا ہو گا کہ ہم آپس کی نفرتیں اور کدورتیں مٹاکراتحاد بین المسلمین کو فروغ دیں گے۔

ان خیالات کا اظہارسماجی رہنماء ،صدر پاکستان گرین ٹاسک فورس اور چیئرمین قمر جہاں فاؤنڈیشن ڈاکٹر جمال ناصر نے عید الفطر کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان میں محض روزہ رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں جب تک کہ ہم اپنے اردگرد بسنے والے غریب و نادار افراد کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک نہ کر لیں ۔

(جاری ہے)

ڈا کٹر جمال ناصر نے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ ہم عید سے قبل ہی بھرپور طریقے سے ضرورت مندوں اور ناداروںکی مدد کریں تاکہ یہ لوگ بھی ہمارے ساتھ عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔

ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی توانائیاں کی ضروریات پوری کرنے کیلئے کالاباغ ڈیم کی تعمیر ناگزیرہو چکی ، اس لئے عید الفطر کے دن ہمیں اس معاملے میں اپنے تمام تر تحفظات کو بھلا کر اس کی تعمیر کے سلسلے میں حکومت کے ہاتھ مضبوط کرنے کا عہد بھی کرنا ہو گا کیونکہ کالا باغ ڈیم پاکستان کیلئے فی الوقت زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ،اس منصوبے میں مزید تاخیر مستقبل قریب میں ہمیں پانی و بجلی جیسے سنگین بحرانوں سے دوچار کر سکتی ہے ۔

کالا باغ ڈیم کی مخالفت کرنے والے پاکستان کو اندھیروں میں دھکیلنے کی سازشوں میں حصہ دار بنتے جا رہے ہیںجبکہ اس کی تعمیر ہماری آئندہ نسلوں کی بقاء کیلئے ضروری ہے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ آج کا دن ہم سے اس امر کا بھی تقاضا کرتا ہے کہ ہم اللہ کی رضا اور خوشنودی کیلئے اپنے مسلمان بھائیوں کے دکھ درد بانٹنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں اور عید کے بعد بھی سارا سال غریب ، نادار اور مستحقین کی امداد کاسلسلہ جاری رکھیں ۔