امن و امان کا قیام اور شفاف انتخابات کا انعقاد اولین ترجیح ہے،آئی جی سندھ

عام انتخابات میں سندھ کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مجھے مثبت طریقے سے میڈیا کے تعاون کی ضرورت ہے ،امجد جاوید سلیمی کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 15 جون 2018 16:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2018ء) آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے کہا ہے کہ امن و امان کا قیام اور شفاف انتخابات کا انعقاد اولین ترجیح ہے ۔دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر حالات پر قابو پالیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعہ کو سینٹرل پولیس آفس میں اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

نئے آئی جی سندھ کا آفس پہنچنے پر ایڈیشنل آئی جی سندھ آفتاب پٹھان،ایڈیشنل آئی جی ٹریفک غلام قادر تھیبو کراچی پولیس چیف اور پولیس افسران نے استقبال کیا ۔امجد جاوید سلیمی کو پولیس بینڈ کی جانب سے گارڈ آف آنر اور سلامی دی گئی۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہا کہ الیکشن کے حوالے سے اجلاس منعقد کیے جارہے ہیں ۔عام انتخابات میں سندھ کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مجھے مثبت طریقے سے میڈیا کے تعاون کی ضرورت ہے ۔ہمارا کام جرائم اور حالات پر قابو پانا ہے ۔صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد ہماری اولین ترجیح ہے ۔ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ملکر حالت پر قابو پائینگے اس کے لیے ہمارے پاس ول بھی ہے اور ہم اچھی کارکردگی کا بھی مظاہرہ کریں گے ۔