اللہ رب العزت پاکستان کو امن و خوشحالی کا گہوارہ بنائے‘طاہرالقادری

دعا ہے اللہ پاکستان کو دہشتگردی، فرقہ واریت سے محفوظ رکھے‘سربراہ عوامی تحریک

جمعہ 15 جون 2018 16:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ معتکفین ،اسلامیان پاکستان اور پوری ملت اسلامیہ کو عیدالفطر کی خوشیاں مبارک ہوں۔ عیدالفطر کے موقع پر شہر اعتکاف میں شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ پاکستان اور عالم اسلام کو ہر طرح کے سیاسی معاشی، سماجی مسائل سے نجات دے،بالخصوص پاکستان اور اس کے عوام کی حفاظت فرمائے، پاکستان کو حقیقی معنوں میں امن کا گہوارہ بنائے اور وطن عزیز کے بدخواہوں کو ان کے ناپاک ارادوں سمیت غارت کرے،اللہ پاکستان کو دہشتگردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت سے محفوظ رکھے ۔

انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر کے دوسرے دن17 جون ہے جو ہر سال شہدائے ماڈل ٹاؤن کی یاد میں منایا جاتا ہے امسال شہدائے ماڈل ٹاؤن کی چوتھی برسی پر اندرون وبیرون ملک تمام تنظیمات قرآن خوانی کا اہتمام کریں مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں بھی قرآن خوانی کی مرکزی تقریب ہو گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن نے اس ظالم نظام کے خلاف جانوں کے نذرانے دیئے یہ قربانیاں رنگ لائیں گی اور ظالم اپنے عبرتناک انجام کو ضرور پہنچیں گے ،ظالموں کی گرفت ہو چکی مکمل انصاف بھی ہو گا۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ فلسطین، کشمیر سمیت جہاں جہاں مسلمان اپنی آزادی،استحکام اور بقاء کی جدوجہد کر رہے ہیں اللہ ان کی قربانیوں کوقبول کرے ،ان پر رحم کرے اور ان کے لیے آسانیاں پیدا کرے، انہیں حقیقی آزادی اور سیاسی ،سماجی ،معاشی تحفظ کی نعمتوں سے بہرہ مند کرے۔