قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اسکاٹ لینڈ سے ٹی ٹونٹی سیریز جیتنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے

حسن علی، فہیم اشرف، احمد شہزاد، راحت علی اور آصف علی براستہ دبئی لاہور ،کپتان سرفراز احمد کراچی پہنچے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کا جیتنا بڑی کامیابی ، قوم کی دعائوں سے پاکستانی ٹی ٹونٹی ٹیم دنیا کی نمبر ون ٹیم ہے ‘سرفراز احمد

جمعہ 15 جون 2018 16:00

لاہور /کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2018ء) قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی انگلینڈ، آئرلینڈ اور اسکٹ لینڈ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ۔انگلینڈ، آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ سے میچز کھیل کر قومی ٹیم کے 5کھلاڑی حسن علی، فہیم اشرف، احمد شہزاد، راحت علی اور آصف علی غیر ملکی پرواز ای کے 624کے ذریعے براستہ دبئی لاہور پہنچے۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے جہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کا جیتنا بڑی کامیابی ہے، اکثریت کا خیال تھا کہ ٹیم ہار کر آئے گی تاہم پاکستان ٹیم جیت کے ٹریک پر ہے۔سرفراز احمد نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیشہ یادگار رہتا ہے قوم کی دعائوں کی بدولت قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم دنیا کی نمبر ون ٹیم ہے اور چیمپینز ٹرافی ماضی کا حصہ ہے اب ہمیں آگے کی طرف بڑھنا ہوگا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ قومی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جس میں ایک میں کامیابی اور ایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور اس طرح سیریز برابر رہی۔آئرلینڈ کے خلاف کھیلا جانے والا واحد ٹیسٹ بھی گرین کیپس کے نام رہا جب کہ قومی ٹیم نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گئے دونوں ٹی ٹوئنٹی میچز اپنے نام کیے۔دورہ برطانیہ قومی ٹیم کے کپتان کے لیے خصوصی کامیابیاں لے کر آیا، سرفراز احمد کو لارڈز میں ٹیسٹ جیتنے والے پانچویں پاکستانی کپتان کا اعزاز حاصل ہوا اور مسلسل 8 ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت کر سرفراز احمد کو کامیاب ترین کپتان ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہوگیا۔