پنجاب کی نگران کابینہ میں توسیع ،4 نئے وزراء نے حلف اٹھا لیا ، محکمے بھی الاٹ

گورنر رفیق رجوانہ نے سعید اللہ بابر، سردار تنویر الیاس، نعمان کبیر اور چوہدری فیصل مشتاق سے حلف لیا

جمعہ 15 جون 2018 16:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2018ء) پنجاب کی نگران کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے 4 وزراء کا اضافہ کردیا گیا جس کے بعد کابینہ میں شامل وزراء کی تعداد 10 ہوگئی۔گورنر ہائوس لاہور میں حلف برداری کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے چاروں ارکان سے حلف لیا ۔نگران کابینہ میں شامل کیے جانے والوں میں سعید اللہ بابر، سردار تنویر الیاس، نعمان کبیر اور چوہدری فیصل مشتاق شامل ہیں۔

حلف برداری کی تقریب میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری رضوی سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

چاروں نئے وزراء کو محکمے بھی الاٹ کیے جاچکے ہیں، سعید اللہ بابر کو محکمہ ہائوسنگ ،کوآپریٹو اور ماحولیات کا قلمدان دیا گیا ،سردار تنویر الیاس کے پاس خوراک، زراعت اور پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کے محکمے ہوں گے۔کابینہ میں شامل نعمان کبیر لیبر ،لائیو سٹاک اور ٹرانسپورٹ کے وزیر ہوں گے جبکہ چوہدری فیصل مشتاق ہائر ایجوکیشن ، سکولز ایجوکیشن ،سپیشل ایجوکیشن کے وزیر ہوں گے۔اس سے قبل 6 رکنی نگران کابینہ میں سابق چیئرمین واپڈا ظفر محمود، سابق صدر لاہور چیمبر انجم نثار، سابق آئی جی پنجاب شوکت جاوید، ڈاکٹر جواد ساجد، ضیا حیدر رضوی اور وقاص ریاض شامل ہیں۔