Live Updates

آرمی چیف کا سابق وزیراعظم نوازشریف اور فیملی کوخصوصی پیغام

آرمی چیف نے اپنے پیغام میں بیگم کلثوم نواز کی جلدمکمل صحت یابی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔آئی ایس پی آر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 15 جون 2018 15:35

آرمی چیف کا سابق وزیراعظم نوازشریف اور فیملی کوخصوصی پیغام
راولپنڈی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 جون 2018ء) :آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی فیملی کو پیغام بھیجا ہے۔ جس میں آرمی چیف نے بیگم کلثوم نواز کی جلدمکمل صحت یابی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے بیگم کلثوم نواز کی جلدمکمل صحت یابی کیلئے سابق وزیراعظم نوازشریف کو نیک خواہشات کا پیغام بھیجا ہے۔

دوسری جانب چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے بھی ٹویٹ کیا ہے اور کلثوم نواز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔عمران خان نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہماری تمام دعائیں بیگم کلثوم نواز کے ساتھ ہیں۔اللہ ان کو شفا کاملہ عطا فرمائے۔ اسی طرح پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ بھٹو خاندان اور پیپلزپارٹی بیگم کلثوم نواز کی صحت یابی کیلئے دعاگو ہے ،ْاللہ تعالیٰ بیگم کلثوم نواز کو صحت اور زندگی عطا فرمائے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب قومی اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے بھی بیگم کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی، اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز نے ماضی میں جمہوریت کے لئے بہت جدوجہد کی ہے۔ مزید برآں شہباز شریف نے عوام سے جمعہ کے اجتماعات میں بیگم کلثوم کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ قوم سے اپیل ہے کہ بیگم کلثوم نواز کی جلد صحتیابی کیلئےجمعتہ الواداع پر خصوصی دعائیں کی جائیں ۔

اللہ پاک بیگم کلثوم نواز کو جلد صحتیابی عطا فرمائے۔ واضح رہے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں ایک بار پھر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ،ْجہاں وہ مصنوعی تنفس (وینٹی لیٹر) پر ہیں اور ڈاکٹروں کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے انتہائی اہم ہیں۔بیگم کلثوم نواز کو گھر پر چیک کرنے والے ڈاکٹرز نے گزشتہ روز ان کا معائنہ کرنے کے بعد کمزوری کے باعث انہیں ہسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا تھا جس کے بعد سابق خاتون اول کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

کلثوم نواز کو گزشتہ رات طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال کے ایمرجنسی یونٹ منتقل کیا گیا تھا، جہاں سے پھر انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) شفٹ کیا گیا، آئی سی یو میں کلثوم نواز دل کی تکلیف کے باعث گر پڑیں جس کے بعد انہیں مصنوعی تنفس پر منتقل کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کو ہیتھرو ایئرپورٹ پر بیگم کلثوم کی طبیعت سے متعلق آگاہ کیاگیا۔

لندن میں لینڈ کرتے ہی نواز شریف اور مریم نواز سیدھے ہسپتال گئے، جہاں انہوں نے بیگم کلثوم نواز کی عیادت کی۔ڈاکٹروں نے سابق وزیراعظم کو بیگم کلثوم نواز کی طبیعت سے متعلق بریفنگ دی، جس کے بعد نواز شریف اور مریم نواز ہسپتال سے روانہ ہوئے۔ روانگی کے وقت مریم نواز آبدیدہ تھیں۔شریف خاندان نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ کلثوم نواز کی صحتیابی کیلئے دعا کریں۔

نواز شریف کے بیٹے حسین نواز اور مریم نواز نے قوم سے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کی والدہ کلثوم نواز کی حالت نازک ہے۔نواز شریف کے چھوٹے بھائی اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ کلثوم نواز کو نازک حالت کے باعث آئی سی یو میں رکھا گیا ہے اور پورا خاندان کلثوم نواز کیلئے دعائیں کررہا ہے۔انہوں نے ہم وطنوں سے اپیل کی کہ ان بابرکت دنوں میں کلثوم نواز کی جلد صحتیابی کی دعا کریں۔خیال رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کی کئی کیمو تھراپیز ہو چکی ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات