نائیجیریا کے باشندے نے والد کی وصیت پر عمل کرتے ہوئے نئی بی ایم ڈبلیو کار میں رکھ کر تدفین کی

اس رقم سے نائیجیریا کے متعدد غریبوں کے کئی مسائل حل کیے جاسکتے تھے‘ سوشل میڈیا پر شدید تنقید

جمعہ 15 جون 2018 14:48

نائیجیریا کے باشندے نے والد کی وصیت پر عمل کرتے ہوئے نئی بی ایم ڈبلیو ..
ابوجا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2018ء) نائیجیریا میں ایک شخص نے اپنے والد کی وصیت پر عمل کرتے ہوئے بالکل نئی بی ایم ڈبلیو ایکس فائی میں رکھ کر تدفین کی ،گاڑی کی قیمت پاکستانی رقم میں ایک کروڑ کے لگ بھگ بنتی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اس خبر نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچادی جبکہ اس شخص کا نام آزوبائیکے بتایا جارہا ہے۔ اس کے والد عمررسیدگی کی پیچیدگیوں کی وجہ سے فوت ہوگئے۔

والد نے نصیحت کی تھی کہ مرنے کے بعد انہیں ایک کار میں دفنایا جائے اور اسی بنا ء پر ان کے بیٹے نے اپنی جمع پونجی خرچ کرتے ہوئے نئی بی ایم ڈبلیو خرید کر اس میں اپنے والد کو لٹایا اور اس کے بعد کار کو احتیاط سے قبر میں اتارا گیا۔مردے کی جگہ کار کو قبر میں اتارنے کے لیے خصوصی چوڑی قبر بنوائی گئی جو چھ فٹ سے بھی زیادہ گہری تھی۔

(جاری ہے)

کار کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے آزوبائیکے کے اس عمل پر شدید تنقید کی ہے کیونکہ نائیجیریا ایک غریب ملک ہے اور یہ رقم کسی اچھی جگہ خرچ کی جاسکتی تھی۔

ایک اور شخص نے لکھا کہ آزوبائیکے نے اپنے والد کی زندگی میں تو انہیں گاڑی نہیں دی لیکن مرنے کے بعد انہیں ایک کار میں رکھ کر قبر میں اتار دیا۔ فیس بک پر تنقید کرتے ہوئے ایک اور صارف نے لکھا کہ خود نائیجیریا کے گائوں اور دیہات پانی اور صحت سے محروم ہیں اور اس رقم سے غریبوں کے کئی مسائل حل کیے جاسکتے تھے۔واضح رہے کہ نائیجیریا میں دولت کی نمائش کا رحجان بہت زیادہ ہے، وہاں کروڑ پتی افراد انتہائی مہنگی کاروں اور پرتعیش اشیا ء کی نمائش کرتے ہیں۔ اس سے قبل نائیجیریا کے ایک ارب پتی اینوگو نے اپنی والدہ کو ایک ہمر جیپ میں دفنایا تھا۔