مقبوضہ کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہوگا، اہل جموں وکشمیر حق خود ارادیت لے کر رہیں گے، سردار مسعود خان

عید کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں، صدر آزاد کشمیر کا پیغام

جمعہ 15 جون 2018 12:58

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2018ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ عید کے دن خوشی کے اس موقع پر میں اپنی طرف سے ریاست آزاد جموںو کشمیر کی طرف سے اور اہل جموں و کشمیر کی طرف سے پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آزاد کشمیرمیں ہم نے آزاد فضا ء میں روزے رکھے ، عبادتیں کیں اور اللہ تعالی سے دعائیں مانگیں لیکن کنٹرول لائن کے اس پار مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بہن بھائیوں پر یہ مہینہ بہت بھاری گزرا اور ان پر ہر روز ایک نئی قیامت ٹوٹتی رہی ہے ۔

ان کی آزمائش بہت کٹھن رہی ۔ ہندوستانی فوج نے یہ مہینہ ان کیلئے خونی مہینہ بنا دیا۔ کئی معصوم کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کر دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

سینکڑوں زخموں سے چور چور ہیں ۔ مائیں، بیوائیں، بہنیں بے حال ہیں۔ بھارت اور اس کی قابض افواج نے ماہ رمضان میں عارضی جنگ بندی کا ڈھونگ رچایا لیکن اس پردے میں انہوں نے محاصرے اور تلاشی کو تیز تر کر کے بیسیوں نوجوانوں کو شہید کیا ۔

عورتوں کو ہراساں کیا اور ہر چھوٹے بڑے شہر کی ناکہ بندی کر کے لوگوں کے لئے زندگی اجیرن کر دی ۔ اس موقع پر میں یہ کہوں گا کہ آپ تنہا نہیں ہیں ۔ ہم آپ کے دکھ پوری طرح بانٹ نئی سکتے ہیں ، لیکن ہم آپ کے ساتھ ہیں ۔ آپ کا درد ہمارا درد ہے آ پ کے زخم ہمارے زخم ہیں ۔ انشاء اللہ مجھے یقین ہے کہ مقبوضہ کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہوگا اور اہل جموں و کشمیر حق خودارادیت لے کر رہیں گے ۔ آج کے دن مقبوضہ کشمیر میں اپنے بہن بھائیوں کے لئے میرا یہ پیغا م ہے کہ ہم ہر قدم پر آپ کے ساتھ رہیں گے۔