اقتدار کا حصول ہمارے نزدیک پروٹوکول نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت ہے ‘حاجی محمد گلزار اعوان

ملک میں عوام کی سوچ بدل چکی ہے اور الیکشن 2018 ء میں پاکستان پیپلز پارٹی بھر پور کامیابی حاصل کرکے مخالفین کو سرپرائز دے گی

جمعہ 15 جون 2018 12:58

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2018ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 61 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار ، ڈویژنل نائب صدر حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا ہے کہ ملک کے وسائل کو سو فیصدعوامی فلاح پر خرچ کرنا ، تعلیم ، صحت اور پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات کی ضروریات کے مطابق پوری فراہمی اور عالمی برادری میں پاکستان کے وقار اور عزت میں اضافہ میرے منشور کے بنیادی نقاد ہیں- اقتدار کا حصول ہمارے نزدیک پروٹوکول نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت ہے ․ میرے حلقے سمیت پورے ملک میں عوام کی سوچ بدل چکی ہے اور الیکشن 2018 ء میں پاکستان پیپلز پارٹی بھر پور کامیابی حاصل کرکے مخالفین کو سرپرائز دے گی ․ انہو ںنے ان خیالات کا اظہار حلقے کی مختلف یونین کونسلوں میں منعقدہ کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ․ حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا کہ ہمارا کوئی نعرہ ، وعدہ یا دعوی محض انتخابی نہیں ہوگا بلکہ ہم جو بات کریں گے اور عوام سے جو وعدے کئے جائیں گے ان کو پورا کیا جائیگا ․ انہو ںنے کہا کہ میں اپنے حلقے کے عوام کو درپیش مسائل جانتا ہوں اور ان کے حل کیلئے میرے پاس پوری پلاننگ موجود ہے ․ پینے کا صاف پانی ، بنیادی مراکز صحت کی بحالی و فعالیت ، تعلیم ، گلیوں کی پختگی و تعمیراتی انفراسٹرکچر ، قبرستان ،نوجوانوں کیلئے کھیلوں کے میدان ، تفریحی سہولیات ، فنی اور ووکیشنل تربیتی مراکز اور دیگر ترقیاتی کاموں کیلئے عوامی مشاورت کی غرض سے خصوصی ٹاسک فورسز بنائیںگے اور عوام کو ان کے حقوق دلانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائیگا ․ حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا کہ پولنگ کے روز ہر پیر و جوان اور مائیں ، بہنیں اور بیٹیاں گھروں سے باہر نکل کر پاکستان پیپلز پارٹی کو اپنا حق نمائندگی دیں تاکہ نئے پاکستان کے دعویدار مداریوں اور انڈیا کے یاروں کے ہاتھوں سے پاکستان کا مستقبل محفوظ کیا جا سکے ․ انہوں نے عوام کا شکریہ بھی ادا کیا جنہو ںنے حاجی گلزار اعوان کو اپنے اپنے علاقوں میں بھر پور پذیرائی دی -