مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کی قیادت میاں نوازشریف کر رہے ہیں ، خواجہ محمد آصف

کراچی اور اندرون سندھ پر توجہ نہ دینا ہماری کوتاہی ہے ، ہم نے پانچ سال کے دوران بلوچستان میں کام کیا ، کے پی کے میں (ن) لیگ کے انتخابی نتائج بہتر ہوں گے ، سابق وزیر خارجہ کی نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعہ 15 جون 2018 00:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جون2018ء) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما وسابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کی قیادت میاں نوازشریف کر رہے ہیں ، کراچی اور اندرون سندھ پر توجہ نہ دینا ہماری کوتاہی ہے ، ہم نے پانچ سال کے دوران بلوچستان میں کام کیا ، سندھ میں ہماری توجہ زیادہ نہیں رہی ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ کراچی اور اندرون سندھ پر توجہ نہ دینا ہماری کوتاہی ہے ، خیبرپختونخوا میں حکومت نہ ہونے کے باوجود کام کرائے ، کے پی کے میں (ن) لیگ کے انتخابی نتائج بہتر ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ میری ذاتی رائے میں قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر اعلیٰ افراد کا انتخاب کیا جانا چاہیے ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ مجھ پر بھی موروثی سیاست کا الزام لگایا جا سکتا ہے کیونکہ میں نے بھی اہلیہ کا نام پارٹی ٹکٹ کیلئے دیا ، مخالفین میرے کاغذات کے پیچھے لگے ہوئے ہیں اس لئے اہلیہ کو بھی ٹکٹ دلوایا ۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کے موسم میں الیکٹیبلز کی دوسری پارٹیوں میں ہجرت موسمی پرندوں جیسی ہے ۔