مفتی پوپلزئی نے خیبرپختونخواہ میں کل بروز جمعہ عید الفطر منانے کا اعلان کردیا

پشاور کی مسجد قاسم علی خان میں ہونے والے غیر سرکاری اجلاس میں شوال کے چاند کی 3 شہادتیں موصول ہونے کا دعوی

muhammad ali محمد علی جمعرات 14 جون 2018 22:28

مفتی پوپلزئی نے خیبرپختونخواہ میں کل بروز جمعہ عید الفطر منانے کا اعلان ..
پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 جون 2018ء) مفتی پوپلزئی نے خیبرپختونخواہ میں کل بروز جمعہ عید الفطر منانے کا اعلان کردیا ہے۔ پشاور کی مسجد قاسم علی خان میں ہونے والے غیر سرکاری اجلاس میں شوال کے چاند کی 3 شہادتیں موصول ہونے کا دعوی کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کی صدارت مفتی پاکستان مفتی منیب الرحمان کی جانب سے کی گئی۔ اجلاس طویل وقت تک جاری رہا، اس دوران ملک بھر سے شوال کے چاند کی شہادتیں حاصل کرنے کی کوششیں کی جاتی رہیں۔ تاہم اجلاس کے اختتام کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی منیب الرحمان کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ ملک بھر میں شوال کا چاند کہیں نظر نہیں آیا۔

(جاری ہے)

ملک کے کسی بھی علاقے یا شہر سے شوال کے چاند کی کوئی شہادت بھی موصول نہیں ہوئی۔ اس لیے پاکستان میں عید الفطر 16 جون بروز ہفتہ کو منائی جائے گی۔ تاہم دوسری جانب پشاور میں مفتی پوپلزئی کی جانب سے دعوی کیا گیا ہے کہ انہیں شوال کے چاند کی 3 شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔ مفتی پوپلزئی کے اس دعوے کے بعد ایک مرتبہ پھر پاکستان بھر میں ایک روز عید منائے جانے کا امکان ختم ہوگیا ہے۔

مفتی پوپلزئی نے خیبرپختونخواہ میں کل بروز جمعہ عید الفطر منانے کا اعلان بھی کردیا ہے۔ مفتی پوپلزئی کی جانب سے پشاور کی مسجد قاسم علی خان میں ہونے والے غیر سرکاری اجلاس میں شوال کے چاند کی 3 شہادتیں موصول ہونے کا دعوی کیا جا رہا ہے۔ مفتی پوپلزئی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہیں مسجد قاسم علی خان میں ہونے والے غیر سرکاری اجلاس کے دوران شبقدر، بڈھ بیڑ اور باجوڑ ایجنسی سے شوال کے چاند کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔

یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ اس سے قبل بھی مفتی پوپلزئی کئی مرتبہ رمضان اور عیدین کے چاند کی رویت کے حوالے سے تنازعہ کھڑا کر چکے ہیں۔ مفتی پوپلزئی نے متعدد مواقعوں پر عید اور رمضان کے چاند کے حوالے سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کیخلاف اپنا فیصلہ صادر کیا۔ اس مرتبہ ایک مرتبہ پھر مفتی پوپلزئی عید کے چاند کے معاملے کو متنازعہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

اس سے قبل جمعرات کے روز شوال کا چاند نظر آنے سے متعلق محکمہ موسمیات نے نیا بیان جاری کیا تھا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ غروب آفتاب کے بعد 14 منٹ تک کراچی میں شوال کا چاند نظر آنے کا امکان ہوگا۔ محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ ساحلی پٹی پر چاند نظر آنے کے امکانات ہوں گے۔ مزید یہ کہ حیدرآباد 13، جیکب آباد 10 اور نوابشاہ میں 12 منٹ تک چاند نظر آنے کا امکان ہوگا۔

جبکہ کوئٹہ میں 10 اور ژوب میں 8 منٹ تک چاند نظر آنے کا امکان ہو گا۔ چاند کا سب سے زیادہ دورانیہ کراچی ، ساحلی پٹی حیوانی اور پسنی میں ہو گا۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آج چاند نظر آنے کا امکان نہیں تھے۔ شوال کے چاند کی پیدائش گذشتہ رات ہو چکی ہے۔ غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 19 گھنٹے کے قریب ہو گی۔ شوال کا چاند بلوچستان کی ساحلی پٹی پر نظر آنے کا امکان ہوگا۔

گذشتہ روز موصول ہونے والی خبروں کے مطابق محکمہ موسمیات شوال کے چاند پروزارت مذہبی امور کو تفصیلات بتانے سے گریزاں رہی،وزارت مذہبی امور کوپہلے بتایا گیا کہ 29رمضان کو چاند نظرآنے کے امکانات نہیں،کچھ دیربعد آگاہ کیا کہ چاند نظرآنے کے امکانات ہیں،جس پروزارت مذہبی کا کہنا تھا کہ روزے 29 ہوں یا 30 ہم نے تمام ترانتظامات مکمل کررکھے ہیں۔

دوسری جانب عیدالفطر کے قریب آتے ہی بازاروں اور سڑکوں پرعیدالفطر کی خریداری کرنے والوں کا رش مزید بڑھ گیا ہے۔حکومت نے بھی نجی و سرکاری ملازمین کو 14جون سے 18جون تک تعطیلات کا اعلان کردیا ہے۔عیدالفطرکی خوشیوں میں شریک ہونے کیلئے پردیسیوں نے بھی اپنے آبائی گھروں کا رخ کرلیا ہے۔دوسری جانب شوال کے چاند سے متعلق تاحال متضاد اطلات ہیں جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

دوسرے شہروں میں جانے والے لوگوں کوعیدالفطرکی چاند رات کا شدت سے انتظار ہے۔ عید الفطر پر پردیسیوں کا گھر جانا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ بس مالکان نے دوسرے شہروں میں جانے والے پردیسی مسافروں سے زائد کرائے وصول کرنا شروع کردیے،زائد کرایہ وصول کرنے والے بس مالکان کیخلاف ٹریفک پولیس اور موٹروے پولیس بھی متحرک ہوگئی ہے۔موٹروے اور نیشنل ہائی وے پولیس نے اورچارجنگ اور اورلوڈنگ کرنے پر287بسوں اور 116ویگنوں کا چالان بھی کیا تاکہ منہ مانگے کرائے لینے والوں کو روکا جا سکے۔