Live Updates

وفاقی دارالحکومت میں زمینوں پر قبضہ مافیا کا راج جاری

قانون نافذ کرنے والے ادارے مافیا کا زور نہ توڑ سکے، مسلح افراد نے سہالہ کے علاقے میں سکیورٹی گارڈزپر حملہ کر کے ایوان صدر ہاؤسنگ سوسائٹی کی دیوار گرا دی، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی

جمعرات 14 جون 2018 22:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جون2018ء) وفاقی دارالحکومت میں زمینوں پر قبضہ مافیاکا راج جاری، قانون نافذ کرنے والے ادارے مافیا کا زور نہ توڑ سکے۔ مسلح افراد نے سہالہ کے علاقے میں سکیورٹی گارڈزپر حملہ کر کے ایوان صدر ہاؤسنگ سوسائٹی کی دیوار گرا دی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ ایف آئی آر کے مطابق ایوان صدر ہاؤسنگ سوسائٹی کے سکیورٹی گارڈ عمران خان نے تھانہ سہالہ کو درخواست دی کہ وہ گزشتہ ہفتہ اپنے کمرہ میں دیگر ساتھیوں ظفر شاہ، حسنین شاہ، سجاد عزیز، طارق محمود اور فیصل پرویز کے ہمراہ آرام کر رہے تھے کہ اس دوران علاقے کے معروف قبضہ مافیا کے سرغنہ ملک ظہور ، سائیں نعمت و دیگر بیس افراد نامعلوم کے ہمراہ اچانک آئے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں ان کے ایک ساتھی کو گرنے کے باعث شدید چوٹیں آئیں اور خوف و ہراس پھیلا کر انہوں نے ہم تمام افراد کو آتشیں اسلحہ کی نوک پر اغواء کرنے کی غرض سے ایک کمرہ میں بند کر دیا اور بعد ازاں زمین کے احاطہ میں لگی دیوار کو گرانا شروع کر دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ہاؤسنگ سوسائٹی کے صدر سردار امجد کو بھی فون پر اطلاع دی تو انہوں نے پولیس سے رابطہ کیا جس کے نتیجہ میں پولیس نے سوسائٹی کی جانب رخ کیا تو انہیں آتا دیکھ کر ملزمان اسلحہ لہراتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے زیر دفعہ 506/447/342/427/337H/511/148اور149کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔ پولیس مؤقف کے مطابق ملزمان کی ابھی تک گرفتاری ممکن نہیں ہو سکی۔ تاہم آئین اور قانون کے مطابق انہیں جلد حوالات میں بند کر دیا جائے گا۔ ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات