شفاف انتخابات کا انعقاد حکومت کی اولین ترجیح ہے ،نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس(ر) دوست محمد

جمعرات 14 جون 2018 22:10

شفاف  انتخابات کا انعقاد حکومت کی اولین ترجیح ہے ،نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جون2018ء) نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس(ر) دوست محمد نے کہا ہے کہ شفاف و بر وقت اور پر امن ماحول میں انتخابات کا انعقاد نگران حکومت کی اولین ترجیح ہے ،نئی نگران کابینہ غیر جانبداری سے اپنے فرائض دے گی ہماری کوشش ہے کہ پولیس فورس کو ہر لحاظ سے مضبوط اور مستحکم کیا جائے تاکہ انتخابات کا پر امن انعقاد ہر لحاظ سے پر امن بنایا جائے ۔

یہ بات انہوں نے نئی کابینہ کی حلف برداری کے بعد نگران کابینہ کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ کابینہ کے اراکین کے علاوہ نئے تعینات ہونے والے چیف سیکرٹری نوید کامران بلوچ، انسپکٹر جنرل پولیس محمد طاہر ، انتظامی سیکرٹریوں نے اجلاس میں شرکت کی۔کابینہ کو بتایا گیا کہ ہمارا مینڈیٹ انتخابات کا پر امن اور بر وقت انعقاد ہے اور اسکے لئے نگران ٹیم میں محنت اور دیانتداری اور غیر جانبداری صاف نظر آئے گی ، سادگی کو اپنایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے دفتر کے اخراجات اور سٹاف میں پچاس فیصد کمی کی گئی ہے تاکہ کم سے کم اخراجات کئے جا سکیںاور مختصر وقت میں اپنے بنیادی فرض یعنی انتخابات کے انعقاد کے ساتھ ساتھ عوامی خدمت پر بھی توجہ دینے کی کوشش کی جائے گی ۔نگران وزیر اعلیٰ نے امن و امان قائم کرنے سے متعلق اداروں کو ہدایت کی کہ وہ آپس میں معلومات کا تبادلہ کریں اور مربوط اور منظم انداز میں کام کریں تاکہ انتخابات کے دوران امن و امان کے قیام کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے ،نیت صاف ہو تو سب کچھ ٹھیک ہو گا اور ہم اپنے مشن میں سرخرو ہونگے ہمارا جینا مرنا اس ملک کے ساتھ ہے اور ہمیں جو فرض سونپا گیا ہے اس پر پورا اترنے کیلئے دن رات محنت کریں گے تاکہ کسی کیلئے انگلی اٹھانے کی گنجائش نہ رہے ہم ایسا پر امن ماحول مہیا کریں گے جس میں عوام بلا کسی روک ٹوک اپنی رائے کا آزادانہ استعمال کر سکیں کابینہ کے اجلاس کے دوران نئے چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس نے انتخابات کے حوالے سے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور غیر جانبدار انتظامیہ کے بارے میں آگاہ کیا نگران وزیر اعلیٰ نے بھی کابینہ کے اراکین پر زور دیا کہ وہ اپنے عمل سے ثابت کریں کہ وہ غیر جانبدار ہیں اور انکا کام الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ہے عید کے بعد کابینہ نے مختصر توسیع کی جائے گی تاکہ ہر علاقے کی نمائندگی ہو اور نگران وزراء کو مختلف محکمے الاٹ کئے جائیں گے نگران وزیر اعلیٰ نے پولیس کو صوبے کے داخلی راستوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی اور کہا کہ تشویش کی کوئی بات نہیں حالات تسلی بخش ہیں تاہم ہمیں غافل نہیں رہنا چاہئے دوست محمد نے بی آر ٹی منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ، عید کے حوالے سے انہوں نے علماء کرام سے اپیل کی کہ وہ رویت ہلال کے حوالے سے باہمی اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کریں تاکہ قوم متحد رہے اور مل جل کر عید کی خوشیاں منا سکے۔