امریکا کا جوہری تنصیبات کے خاتمے تک شمالی کوریا پر پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ

جمعرات 14 جون 2018 21:16

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2018ء) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ جب تک شمالی کوریا جوہری تنصیبات کا مکمل خاتمہ نہیں کر لیتا اس وقت تک اس پر عائد پابندیاں برقرار رہیں گی۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کورین رہنما کم جانگ ان کے درمیان ہونے والی ملاقات کے حوالے سے اپنے ایشیائی اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کے لیے جنوبی کوریا پہنچے ۔

جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں اپنے کورین اور جاپانی ہم منصبوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کورین رہنما کم جانگ ان کے درمیان ملاقات ایک ’ٹرننگ پوائنٹ‘ تھا تاہم امریکی وزیر خارجہ نے شمالی کورین میڈیا کی جانب سے چلنے والی کی خبروں کی سختی سے تردید کی کہ واشنگٹن کی جانب سے شمالی کوریا کو آہستہ آہستہ رعایت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

مائیک پومپیو نے کہا کہ امریکا شمالی کوریا کی مکمل، تصدیق شدہ اور ناقابل واپسی جوہری تنصیبات کے خاتمے کو حاصل کرنے کے عزم پر قائم ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ ان سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ شمالی کوریا پر عائد سخت پابندیاں اس کے جوہری اثاثوں تک برقرار رہیں گی تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے جملے کی مکمل وضاحت نہیں کی۔خیال رہے کہ دو روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ ان کے درمیان سنگاپور میں تاریخی ملاقات ہوئی تھی۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان آپس میں نئے تعلقات کے آغاز کے معاہدے پر دستخط بھی ہوئے تھے۔

متعلقہ عنوان :