نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس، پولنگ سٹیشنز میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ

جن سکولوں میںپولنگ سٹیشنز قائم کئے جا رہے ہیں وہاں پر عدم دستیاب سہولتوں کی کمی کو جلد سے جلد پورا کیا جائے‘ڈاکٹر حسن عسکری عدم دستیاب سہولتوں کو مقررہ مدت میں پورا کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور یہ آزاد اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے بھی انتہائی اہم ہے پولنگ کے عمل کے دوران متعلقہ عملے کو غیر جانبدار رہ کر پیشہ ورانہ انداز میں فرائض سرانجام دینا ہوں گے‘نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا اجلاس سے خطاب

جمعرات 14 جون 2018 20:57

نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس، پولنگ سٹیشنز ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جون2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں عام انتخابات کیلئے سکولوں میں قائم کیے جانیوالے پولنگ سٹیشنز میں فراہم کی جانیوالی سہولتوںاوردیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت کی بنیادی ذمہ داری عام انتخابات کا آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انعقاد ہے اور ہم نے بلاامتیاز اپنی قومی ذمہ داری کو پورا کرنا ہے۔

لانگ ٹرم کی پلاننگ آنیوالی حکومت کا کام ہوگا۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے میدان میں زیادہ وسائل فراہم کرنیوالی قوموں نے ترقی کی ہے۔ ایشیا میں جو قومیں ہم سے پیچھے تھیں آج وہ ان دو شعبوں میں زیادہ فنڈز صرف کرکے آگے نکل چکی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ جن سکولوں میںپولنگ سٹیشنز قائم کئے جا رہے ہیں وہاں پر عدم دستیاب سہولتوں کی کمی کو جلد سے جلد پورا کیا جائے،عدم دستیاب سہولتوں کو مقررہ مدت میں پورا کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور یہ آزاد اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے بھی انتہائی اہم ہے۔

انہو ںنے ہدایت کی کہ سکولوں میں قائم پولنگ سٹیشنز کے ضروری انفراسٹرکچر کو مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ نگران وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں محکمہ سکولز ایجوکیشن کے نان سیلری بجٹ کے فوری اجراء کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فنڈز کے جلد سے جلد اجراء کو یقینی بنایا جائے۔انہوںنے کہا کہ ڈبل شفٹ سکولوں میں کام کرنے والے جزوقتی اساتذہ کی تنخواہ کے لئے بھی نان سیلری بجٹ جاری کیا جائے۔

انہوںنے کہا کہ اساتذہ کو بروقت تنخواہیں ملنی چاہئیں اور انہیں تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کسی صورت نہیں ہونی چاہیئے۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ عام انتخابات کیلئے سکولوں میں قائم پولنگ سٹیشنز پر عملی طورپر سہولتوں کی فراہمی کو ہر قیمت پر بروقت مکمل کیا جائے اور 25 جولائی کو ہونیوالے عام انتخابات کیلئے ضروری سہولتوں کو مقررہ مدت میں یقینی بنایا جائے۔

نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ بیوروکریٹس کو پروفیشنل اور مثبت سوچ کا حامل ہونا چاہیئے اور انہیں کسی بھی پارٹی کی بجائے ریاست کا وفادار ہونا چاہیئے۔عوام کو بہتر سے بہتر سہولتوں کی فراہمی ہر حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ کے عمل کے دوران متعلقہ عملے کو غیر جانبدار رہ کر پیشہ ورانہ انداز میں فرائض سرانجام دینا ہوں گے اور کسی بھی قسم کی سیاسی مداخلت کی شکایت سامنے نہیں آنی چاہیئے۔

شفاف، منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔ سیکرٹری محکمہ سکولز ایجوکیشن نے عام انتخابات کیلئے پولنگ سٹیشنز کے قیام اور عملے کی تعیناتی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ نگران صوبائی وزیر قانون و خزانہ ضیاء حیدر رضوی، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن، سیکرٹری بلدیات و شہری ترقی، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری نگران وزیراعلیٰ اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔