اورنج لائن ٹرین ، صاف پانی اور دانش سکولز سمیت کسی بھی ترقیاتی منصوبہ کو آئندہ الیکشن تک مزید فنڈزجاری نہیں کیے جائینگے‘ضیاء حیدر رضوی

فنڈز کا اجراء الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق پولنگ سٹیشنز میں عدم موجود سہولیات کی فراہمی تک محدود رکھا جائے گا‘نگران صوبائی وزیر خزانہ

جمعرات 14 جون 2018 20:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جون2018ء) نگران وزیر ضیاء حیدر رضوی نے وزارت خزانہ پنجاب اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا قلمدان سنبھالنے کے بعد وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ 8کلب میں اجلاس کے دوران سیکرٹری خزانہ کوآئندہ الیکشن تک اورنج لائن ٹرین ، صاف پانی اور دانش سکولز سمیت کسی بھی ترقیاتی منصوبہ کو مزید فنڈزجاری کرنے سے روک دیا۔

اُنھوں نے کہا کہ وزارت خزانہ کی جانب الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق فنڈز کا اجراء صرف آئندہ انتخابات کے لیے مقرر کردہ پولنگ سٹیشنز جن کی زیادہ تر تعداد پبلک سکولوں پر مشتمل ہے، میں عدم موجود سہولیات کی فراہمی اور فلاحی کاموں کی تکمیل تک محدود رہے گا۔ فنڈز کی کمی کے پیش نظر گزشتہ حکومت کی جانب سے میعاد کی تکمیل پر اعلان کردہ اعزازات کی تقسیم بھی روک دی جائے گی۔

(جاری ہے)

نگران وزیر نے چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی کو بھی ہدایت کی کہ وہ بزنس کمیونٹی کے ساتھ تصادم کی بجائے مذاکرات کی راہ ہموار کریں تاکہ مسائل کو افہام تفہیم کے ساتھ حل کیا جا سکے۔ اس ضمن میں وزارت صنعت و تجارت کی معاونت بھی اہم کردار ادا کرے گی۔ ضیاء حیدر رضوی نے تاجر برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت کا ساتھ دیں اور شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں ۔