تمام سیاسی جماعتیں شفاف انتخابات کے انعقاد میں اپنابھرپور کردار ادا کریں، ملک میں جمہوری نظام کا تسلسل نیک شگون

ہے، کالا باغ ڈیم ایک متنازعہ ایشو ہے اس سے مزید مسائل پیدا ہونگے ،تینوں صوبائی اسمبلیوں میں اسکے خلاف بل پاس ہوچکے ہیں ،اس سے معاشی و اقتصادی ترقی کو بھی تقویت ملتی ہے، آفتاب احمد خان شیرپائو کا پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 14 جون 2018 20:07

تمام سیاسی جماعتیں شفاف انتخابات کے انعقاد میں اپنابھرپور کردار ادا ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جون2018ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ شفاف انتخابات کے انعقاد میں اپنابھرپور کردار ادا کریں ،جمہوری حکومت کا اپنی مدت پوری کرنا ،ملک میں جمہوری نظام کا تسلسل نہ صرف نیک شگون ہے بلکہ اس سے معاشی اور اقتصادی ترقی کو بھی تقویت ملتی ہے ۔

وہ جمعرات کو تحصیل کونسل درگئی میں پی ٹی آئی کے اپوزیشن لیڈر اور ہیرو شاہ کے ناظم عامر سہیل خان اور عوامی نیشنل پارٹی بدرگہ کے عہدیدار امتیاز خان کی اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کے موقع پر وطن کور پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے شفاف انتخابات سیاسی استحکام انتہائی ضروری ہے کیونکہ سیاسی استحکام معاشی خوشحالی کا ضامن ہے ،آنے والے انتخابات میں حکومتی مشینری کے استعمال کے ضیاع کو غیر یقینی بنایا جائے تاکہ صاف و شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کیلئے ماحول بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد بہترین نتائج سے عوام کی الیکشن کے عمل پر یقین پختہ ہو گا اور اس سے جمہوری نظام کو فروغ ملے گا۔انھوں نے اس دوران پی ٹی آئی حکومت کی ناقص پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اپنے دور حکومت میں عوام کو مایوسیوں اور پریشانیوں کے سوا کچھ نہیں دیا، پچھلے پانچ سالوں کے دوران سوشل میڈیا کے ذریعے جعلی تبدیلی کا ڈھنڈورا پیٹا گیا جبکہ حقیقت میں اس کا نام و نشان نہیں۔

انھوں نے کہا کہ عوام پی ٹی آئی کے لیڈر شپ کا اصل چہرہ دیکھ چکی ہیں اور وہ آنے والے انتخابات میں ووٹ کے ذریعے ان کو نکال باہر پھینک دیں گے،پی ٹی آئی حکومت نے نہ صرف عوام کو مایوسیوں میں دھکیلا بلکہ خود اپنے کارکنوں کو بھی مایوسیوں کے اندھیرے میں دھکیل دیا اور آج ان کے اپنے ہی کارکن ٹکٹوں کے غیر منصفانہ تقسیم پر اپنی جماعت کے خلاف دھرنا دینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

آفتاب شیرپائو نے کہا کہ فاٹا کا خیبر پختونخوا کے ساتھ انضمام ایک تاریخی سنگ میل ہے جس سے دہائیوں سے پسماندہ رہ جانے والے قبائلی عوام کیلئے ترقی اور خوشحالی کے دروازے کھل جائیں گے۔انھوں نے فاٹا انضمام کو خوش آئندقرار دیتے ہوئے کہا کہ فاٹا انضمام کے بعد وہاں پر قانونی اور انتظامی مشینری کو فعال بنانا چاہیے تاکہ قبائلی عوام کی بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔

انھوں نے کہا کہ فاٹا انضمام کے بعد ضروری ہے کہ وہاں کے پسماندہ علاقوں کی جانب بھرپور توجہ دی جائے تاکہ ان علاقوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے،پختون قوم نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں لیکن افسوس کی بات ہے کہ ان کو اس کا صلہ نہیںملا جس سے ان کی مایوسیوں میں اضافہ ہوا۔آفتاب شیرپائو نے کہا کہ کالا باغ ڈیم ایک متنازعہ ایشو ہے تاہم اس سے مزید مسائل پیدا ہونگے انہو ں نے کہا کہ تینوں صوبائی اسمبلیوں میں اسکے خلاف بل پاس ہوچکے ہیں تاہم متنازعہ عمل کو توجہ دینے سے بہتر ہے کہ منڈا ور بھاشہ ڈیم جیسے منصوبوں پر کام کیا جائے۔ آفتاب شیرپاو،ْ نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کی آواز ہے اور وہ ہر پلیٹ فارم پر انکی حقوق کیلئے جدوجہد کرتی رہے گی۔