کالا باغ ڈیم بناو ملک بچاو

شہری نے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے لیے پیسے عطیہ کرنے کے لیے بیٹے کو فروخت کرنے کااعلان کردیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 14 جون 2018 19:44

کالا باغ ڈیم بناو ملک بچاو
ملتان (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-14 جون 2018ء) :کالا باغ ڈیم بناو ملک بچاو۔ شہری نے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے لیے پیسے عطیہ کرنے کے لیے بیٹے کو فروخت کرنے کااعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں نئے ڈیموں کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ پاکستان میں پانی کی کمی کا بحران تیزی سے شدت اختیار کر رہا ہے۔ جہاں ایک طرف موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان بے حد متاثر ہوا ہے، وہیں دوسری جانب بھارت نے نئے ڈیم بنا کر پاکستان کے دریاوں کا پانی روک لیا ہے۔

اس تمام صورتحال کے باوجود پاکستان میں بننے والی کوئی بھی حکومت اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ دکھائی نہیں دیتی۔ پاکستان میں بننے والی زیادہ تر حکومتوں کی توجہ ترقیاتی منصوبے پر ہی مرکوز رہتی ہے۔ پاکستان میں بننے والی حکومتوں نے کبھی بھی مستقبل کی فکر کرتے ہوئے پانی کے مسئلے کے حل کیلئے سنجیدگی سے کوئی کام نہیں کیا۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں پانی کا بحران ہر گزرتے دن کیساتھ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔

عالمی موحولیاتی تنظیموں کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ اسی باعث پاکستان میں پہلے سے قدرے کم بارشیں ہونے لگی ہیں۔ جبکہ پاکستان میں گرمی کے موسم کی شدت اور دورانیہ بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ان خبروں کے بعد سوشل میڈیا پر ڈیم بناو ملک بچاو نامی تحریک شروع کی گئی جسے دیکھتے ہی دیکھتے عوام میں بے انتہا پذیرائی ملی۔

اس حوالے سے عوام کی جانب سے کالاباغ ڈیم کی تعمیر کے لیے عطیات دینے کے بھی اعلان کئیے گئے۔تازہ ترین خبر کے مطابق ملتان میں ایک شخص نے کالا باغ ڈیم بنانے کے لیے رقم اکٹھا کرنے کے لیے اپنے 10 سالہ بیٹے کو فروخت کے لیے پیش کر دیا۔اس موقع پر بیٹے کو قروخت کرنے والے شہری اقبال کا کہنا تھا کہ کالاباغ ڈیم کا معاملہ 22 سال سے لٹکا ہوا ہے جس کا خمیازہ ہماری نسلوں کو بھگتنا ہوگا ۔میں اپنے بیٹے کو اس لیے فروخت کرنے آیا ہوں تاکہ اس کی فروخت سے ملنے والی رقم کالاباغ ڈیم کے لیے عطیہ کر سکوں۔اقبال حسین کا مزید کہنا تھا کہ ہر شہری کو چاہیے کہ وہ ہر ماہ بجلی کے بل پر 100 زائد ادا کرے جس سے ایک خطیر رقم کالاباغ ڈیم کے لیے اکٹھی ہو سکے گی۔