الیکشن کمیشن نے عوامی مفاد میں نگراں حکومتوں کو سرکاری بھرتیوں کی اجازت دے دی

نگراں حکومتیں سرکاری اداروں میں ضروری بھرتیاں کر سکتی ہیں، الیکشن کمیشن

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 14 جون 2018 19:12

الیکشن کمیشن نے عوامی مفاد میں نگراں حکومتوں کو سرکاری بھرتیوں کی اجازت ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-14 جون 2018ء) :الیکشن کمیشن نے عوامی مفاد میں نگراں حکومتوں کو سرکاری بھرتیوں کی اجازت دے دی۔ الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ نگراں حکومتیں سرکاری اداروں میں ضروری بھرتیاں کر سکتی ہیں۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے عوامی مفاد میں نگراں حکومتوں کو سرکاری بھرتیوں کی اجازت دے دی ہے۔اس حوالے سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ نگراں حکومتیں سرکاری اداروں میں ضروری بھرتیاں کر سکتی ہیں جبکہ وفاقی اور صوبائی نگراں حکومتیں اعلیٰ عہدوں پر بھرتیاں نہیں کرسکتیں۔

یاد رہے کہ اپریل میں الیکشن کمیشن نے سرکاری بھرتیوں پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔اس وقت الیکشن کمیشن کے اری کردہ اعلامیہ کے مطابق الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے پیش نظر سرکاری اداروں میں بھرتیوں پر پابندی عائد کردی تھی جب کہ یکم اپریل کے بعد منظور ہونے والی ترقیاتی اسکیموں پر عملدرآمد بھی روکنے کا حکم دیاتھا، تاہم فیڈرل پبلک سروس کمیشن اور صوبائی پبلک سروس کمیشنز کے تحت جاری بھرتیاں اس پابندی کی زد میں نہیں آنی تھیں ۔

(جاری ہے)

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئندہ عام انتخابات کو شفاف اور آزادانہ بنانے کے حوالے سے حکم نامہ جاری کیا تھا جس کے تحت تمام وفاقی ، صوبائی اور مقامی حکومتوں کے اداروں میںیکم اپریل 2018 سے بھرتی پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ تاہم فیڈرل پبلک سروس کمیشن اور صوبائی پبلک سروس کمیشنز کے تحت جاری بھرتیاں اس پابندی کی زد میں نہیں آئیں گی۔ یہ حکم نامہ بھی جاری کیا گیا تھا کہ ایسے ترقیاتی منصوبے جن کی منظوری یکم اپریل2018ء یا اس کے بعد ہوئی تھی مثلا گیس پائپ لائنز کی تنصیب، سڑکوں کی کارپٹنگ، واٹر سپلائی سکیمز وغیرہ اس قسم کی تمام ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد روک دیا جائے گا۔