نگران وزیراعلیٰ سےکورکمانڈرلاہورلیفٹیننٹ جنرل عامرریاض کی ملاقات

ملاقات میں امن وامان کی صورتحال پرتبادلہ خیال،نگران وزیراعلیٰ کا دہشتگردی کیخلاف پاک افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین،دہشتگردی، انتہاپسندی، عسکریت پسندی اور فرقہ واریت کے مائنڈسیٹ کو بھی پوری قوت سے کچلنا ہوگا۔نگراں وزیراعلیٰ حسن عسکری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 14 جون 2018 18:00

نگران وزیراعلیٰ  سےکورکمانڈرلاہورلیفٹیننٹ جنرل عامرریاض کی ملاقات
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 جون 2018ء) : نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن رضوی عسکری سے آج وزیراعلیٰ آفس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے ملاقات کی ۔نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیااورشہداء کی عظیم قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

ڈاکٹر حسن عسکری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے اوردہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی بقاء کی جنگ ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج نے اس جنگ میں تاریخی اور لازوال کردار ادا کیا ہے۔ مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں سمیت معاشرے کے ہر طبقے نے بیش قیمت قربانیاں دی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس جنگ میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاکستان کے بہادر سپوت قوم کے ہیرو ہیں۔ شہداء کی لازوال قربانیوں کا ثمر امن کی صورت میں ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ پاکستان کے محب وطن اور دلیر عوام کا عزم انتہائی مضبوط ہے۔انہوں نے کہا کہ سفاک قاتل بہادر پاکستانیوں کے غیر متزلزل عزم کے سامنے نہیں ٹھہر سکتا۔

پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جرأت کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک افواج اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال کامیابیاں سمیٹی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، انتہاپسندی، عسکریت پسندی اور فرقہ واریت کے مائنڈسیٹ کو بھی پوری قوت سے کچلنا ہوگا۔

مزید برآں نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی زیرصدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں عام انتخابات کیلئے سکولوں میں قائم کیے جانیوالے پولنگ سٹیشنز میں فراہم کی جانیوالی سہولتوں اوردیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت کی بنیادی ذمہ داری عام انتخابات کا آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انعقاد ہے اور ہم نے بلاامتیاز اپنی قومی ذمہ داری کو پورا کرنا ہے۔

لانگ ٹرم کی پلاننگ آنیوالی حکومت کا کام ہوگا۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے میدان میں زیادہ وسائل فراہم کرنیوالی قوموں نے ترقی کی ہے۔ ایشیا میں جو قومیں ہم سے پیچھے تھیں آج وہ ان دو شعبوں میں زیادہ فنڈز صرف کرکے آگے نکل چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن سکولوں میں پولنگ سٹیشنز قائم کئے جا رہے ہیں وہاں پر عدم دستیاب سہولتوں کی کمی کو جلد سے جلد پورا کیا جائے،عدم دستیاب سہولتوں کو مقررہ مدت میں پورا کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور یہ آزاد اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے بھی انتہائی اہم ہے۔

انہو ں نے ہدایت کی کہ سکولوں میں قائم پولنگ سٹیشنز کے ضروری انفراسٹرکچر کو مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ نگران وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں محکمہ سکولز ایجوکیشن کے نان سیلری بجٹ کے فوری اجراء کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فنڈز کے جلد سے جلد اجراء کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈبل شفٹ سکولوں میں کام کرنے والے جزوقتی اساتذہ کی تنخواہ کے لئے بھی نان سیلری بجٹ جاری کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو بروقت تنخواہیں ملنی چاہئیں اور انہیں تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کسی صورت نہیں ہونی چاہیئے۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ عام انتخابات کیلئے سکولوں میں قائم پولنگ سٹیشنز پر عملی طورپر سہولتوں کی فراہمی کو ہر قیمت پر بروقت مکمل کیا جائے اور 25 جولائی کو ہونیوالے عام انتخابات کیلئے ضروری سہولتوں کو مقررہ مدت میں یقینی بنایا جائے۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ بیوروکریٹس کو پروفیشنل اور مثبت سوچ کا حامل ہونا چاہیئے اور انہیں کسی بھی پارٹی کی بجائے ریاست کا وفادار ہونا چاہیئے۔