مقامی کاٹن مارکیٹ میں روئی کے بھاؤ میں مجموعی طورپر استحکام رہا

صوبہ سندھ و پنجاب میں روئی کا بھاؤ فی من 6000 تا 7600 روپے رہا

جمعرات 14 جون 2018 18:10

مقامی کاٹن مارکیٹ میں روئی کے بھاؤ میں مجموعی طورپر استحکام رہا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2018ء) مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران روئی کے بھاؤ میں مجموعی طورپر استحکام رہا۔ عید الفطر کی تعطیلات کے باعث کاروباری حجم بہت کم رہا۔ صوبہ سندھ و پنجاب میں روئی کا بھاؤ فی من 6000 تا 7600 روپے رہا۔ عید الفطر کی جمعہ اور ہفتہ کو چھٹی کے سبب کاروبار محدود رہا۔ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ میں فی من 100 روپے کا اضافہ کرکے اسپاٹ ریٹ فی من 7600 روپے کے بھا ؤپر بند کیا۔

جنرز کے پاس فی الحال روئی کی تقریبا 60 ہزار گانٹھوں کا قلیل اسٹاک موجود ہے۔ جبکہ نئی فصل کا جزوی طور پر آغاز ہو چکا ہے فی الحال صوبہ سندھ میں 7 جننگ فیکٹریوں میں پھٹی کی رسد ہوچکی ہے جس میں 5 جننگ فیکٹریوں نے جزوی طور پر جننگ بھی شروع کردی تھی جس میں تقریبا 2000 گانٹھیں تیار ہوچکی تھی جبکہ سندھ کی پھٹی سے پنجاب کی ایک جننگ فیکٹری نے جننگ شروع کردی تھی ہارون آباد کی ایک جننگ فیکٹری نے سندھ کی پھٹی سے 500 گانٹھیں تیار کرلی تھی بعد ازاں پھٹی کا بھاؤ بے وارہ ہونے کی وجہ سے جننگ فیکٹریاں بند ہوگئی عید الفطر کی تعطیلات کے بعد دوبارہ جننگ شروع ہوسکے گی۔

(جاری ہے)

کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چئیرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ گو کہ پانی کی کمی کے باعث صوبہ سندھ میں کپاس کی فصل کی بوائی میں تاخیر ہوئی ہے لیکن موصولہ اطلاعات کے مطابق پانی کی رسد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے علاوہ ازیں آئندہ ہفتہ میں پری مون سون بارشوں کے سبب سے بھی بوائی حوصلہ افزا ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔ نسیم عثمان نے بتایا کہ بین الاقوامی کاٹن مارکیٹوں میں مجموعی طور پر تیزی کا عنصر غالب ہے خصوصی طور پر چین کی جانب سے روئی کی درآمد کی خبروں کی وجہ سے روئی کے بھا میں مزید اضافہ کا رجحان رہنے کا امکان ہے۔ ملک میں ڈالر کے نسبت روپے کی تذلیل کی سبب ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمد میں اضافہ ہونے کی صورت میں ٹیکسٹائل سیکٹر کو تقویت ملنے کا امکان ہے۔