اقوام متحدہ کا کشمیرمیں انسانی حقو ق کی پامالیوں کے خاتمے پر زور

بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بانڈی پورہ میں مزید دو نوجوان شہید ہوگئے

جمعرات 14 جون 2018 18:13

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2018ء) اقوا م متحدہ نے جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں اپنی پہلی رپورٹ میں انسانی حقوق کی پامالیوں میںملوث بھارتی فورسز کے اہلکاروں کے خلاف کارروائی اور متاثرہ کشمیریوں کو انصاف کی فوری فراہمی پر زوردیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے دفتر کی طرف سے جاری رپورٹ میں جولائی2016سے رواں سال اپریل تک مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی صورتحال پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔

رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ کشمیری عوام کو گزشتہ سات دہائیوں سے ایک تنازعہ کا سامنا ہے اور اس عرصے کے دوران لاتعداد افراد کی زندگیاں تباہ وبربادہو گئی ہیں۔ 49صفحات پر مشتمل رپورٹ میںمقبوضہ کشمیرمیں طویل عرصے سے رائج کالے قوانین کے تحت بھارتی فورسز کو نہتے کشمیریوں کے قتل عام اورانسانی حقو ق کی پامالیوں کی کھلی چھوٹ پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمشنر زید رعد الحسین نے کہاہے کہ تنازہ کشمیر کی وجہ سے لاکھوں لوگوں کے بنیادی انسانی حقوق متاثر ہوئے ہیں اور کشمیری عوام کو آج بھی بے شمارمشکلات اور مصائب کا سامنا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ یہی وجہ ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے کسی بھی سیاسی حل ظلم و تشدد کے خاتمے اور انسانی حقوق اور ظلم و تشدد کے واقعات میںملوث اہلکاروں کااحتساب اور متاثرین کو انصا ف کی فراہمی کو یقینی بنانے پر زوردیتے ہیں۔

زید رعدالحسین نے عالمی ادارے کی انسانی حقوق کونسل پر زوردیاکہ وہ کشمیرمیں انسانی حقو ق کی پامالیوں کے الزاما ت کی آزادانہ تحقیقات کیلئے بین الاقوامی تحقیقاتی کمیشن قائم کرے۔ رپورٹ میں کشمیری خواتین کی اجتماعی عصمت دری کے سانحہ کنن پوشپورہ ،جبری گمشدگیوں ،اجتماعی گمنام قبروں اور بھارتی فوجیوں کی طرف سے مہلک پیلٹ گن کے بے دریغ استعمال اور کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت انہیں حاصل انسانی حقو ق کی پامالیوں کی کھلی چھوٹ کا بھی ذکر کیاگیا ہے ۔

ادھر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوںنے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ضلع بانڈی پورہ میں دو کشمیری نوجوان شہید کر دیے۔ فوجیوںنے ان نوجوانوں کو ضلع کے علاقے Panarمیں جاری آپریشن کے دوران شہید کیا۔ قبل ازیں اسی علاقے میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار ایک جھڑپ میں ہلاک ہو گیا تھا۔ مزاحمتی رہنمائوں سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق نے اپنے پیغامات میں کشمیر اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد دی ہے ۔

انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ خوشی کے اس موقع پر معاشرے کے نادار طبقے کو یاد رکھیں ۔ انہوںنے مسلمانوں کے عظیم تہوار پر تمام نظر بندوں کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا۔ نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے حال ہی میں رہا ہونے والے تین کشمیریوںنے انکشاف کیا ہے کہ جیل میں نظر بند کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ سخت علیل ہیں حتیٰ کہ وہ نماز کیلئے بھی کھڑے نہیں ہو سکتے۔

محمد صدیق گنائی، غلام جیلانی لالو اور فاوق احمد ڈاگا نامی کشمیریوں کو حال ہی میںآٹھ برس کی غیر قانونی نظر بندی کے بعد رہا کیا گیا۔ مقبوضہ کشمیر کی ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتیہ جنتا پارٹی سے وابستہ سیاست دان چندرا موہن شرما کی مقبوضہ کشمیر کے انسانی حقوق کمیشن میں بطور رکن تعیناتی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔