متحدہ عرب امارات:’اب باقی پڑھائی جیل میں جا کر پُوری کرو‘

منشیات کے استعمال کے الزام میں سوڈانی طالبہ کو 10 سال قید کی سزا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 14 جون 2018 17:03

متحدہ عرب امارات:’اب باقی پڑھائی جیل میں جا کر پُوری کرو‘
دُبئی  ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 14 جُون 2018ء ) دُبئی کی مقامی عدالت نے کالج کی غیر ملکی طالبہ کے سگریٹ پیک میں سے منشیات برآمد ہونے پر اُسے سزا کے طور پر دس سال کے لیے جیل بھیج دیا گیا ۔  تفصیلات کے مطابق مارچ 2018ء میں انسدادِ منشیات کے اہلکاروں کو کسی مخبر نے اطلاع دی تھی کہ افریقی ملک سوڈان سے تعلق رکھنے والی ایک طالبہ کے پاس منشیات کی کچھ مقدار موجود ہے جس کا وہ باقاعدہ نشہ کرتی ہے۔

اس اطلاع کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکمے کے اہلکاروں نے ملزمہ کو منشیات  کے مواد سمیت البشرہ کے علاقے سے حراست میں لیا گیا تھا۔ جس کے بعد انسدادِ منشیات کے ادارے کی جانب سے ملزمہ کو دُبئی پولیس کے انسدادِ منشیات ڈیپارٹمنٹ بھیج کر وہاں اُس کا منشیات کا ٹیسٹ کروایا گیا۔

(جاری ہے)

جس سے ثابت ہوا کہ ملزمہ تین قسم کی نشہ آور ادویات استعمال کرتی تھی۔

عدالت کی جانب سے ملزمہ کو منشیات رکھنے اور اسے استعمال کرنے کے جُرم میں دس سال قید کی سزا سُنائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ عدالت کے فاضل جج فہد الشمسی کی جانب سے پچاس ہزار اماراتی درہم کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ جبکہ سزا کی مُدت پُوری کرنے کے بعد ملزمہ کو ڈی پورٹ بھی کر دیا جائے گا۔ ملزمہ نے عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران اس بات کا اعتراف کر لیا تھا کہ اُس کے پاس منشیات تھی مگر وہ اسے بیچتی نہیں تھی‘ بلکہ اپنے ذاتی استعمال میں لاتی تھی۔

اس کے علاوہ ملزمہ نے منشیات کی دیگر اقسام استعمال کرنے کا بھی اعتراف کیا۔ملزمہ کو فیصلے کے خلاف 15 دِنوں کے اندر اندر اپیل کرنے کا حق دیا گیا ہے۔اپیل مسترد ہونے کی صورت میں ملزمہ کو دس سال قید کی سزا بھُگتنی ہو گی جس کے بعد اُسے اُس کے آبائی وطن سوڈان بھیج دیا جائے گا۔