گورنرسندھ محمد زبیر سے نگراں وزیر اطلاعات و قانون جمیل یوسف کی گورنرہائوس میں ملاقات

عام انتخابات میں میڈیا کے کردار ، حکومت اور میڈیا کے درمیان روابط سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تبادلہ خیال

جمعرات 14 جون 2018 18:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر سے نگراں وزیر اطلاعات ، قانون، ماحولیاتی تبدیلی، ساحلی ترقی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جمیل یوسف نے گورنرہائوس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں عام انتخابات میں میڈیا کے کردار ، حکومت اور میڈیا کے درمیان روابط ،معاشرتی خرابیوں اور انتخابی عمل کے دوران غیر ذمہ دارانہ مواد کی تشہیر کی روک تھا م ، شفاف ، منصفانہ اور آزادانہ انتخابی عمل اور ساز گار ماحول کی فراہمی سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ ملکی تاریخ کے اہم ترین انتخابات میںحائل تمام رکاوٹوں کا خاتمہ نگراں حکومت کی اولین ترجیح ہونا چاہئے اس ضمن میں میڈیا اہم کردار ادا کرسکتا ہے ،نگراں حکومت میڈیا اور عوام کے تعاون سے انتخابی ماحول کو ہر صورت ساز گار اور عوام کی زیادہ سے زیادہ شمولیت یقینی بنانے کے لئے جو اقدامات اٹھارہی ہے وہ خوش آئند ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عید الفطر کے فوراً بعد پورے ملک کی طرح صوبہ میں بھی انتخابی گہما گہمی عروج پر پہنچ جائے گی جس میں عوامی اجتماعات ، ریلیاں اور جلسے و جلوس کے ذریعہ سیاسی جماعتیں اپنے منشور کی تشہیر اور عوام کو اپنی جانب راغب کرنے کے لئے زبردست مہم چلائیں گی جس کی میڈیا کے ذریعہ ملک بھر کے عوام تک ان سرگرمیوں کو پہنچانے کا کام لیا جائے گا ، میڈیا کو بھی چاہئے کہ کسی بھی غیر مناسب ، انتشار پر مبنی اور معاشرتی خرابیوں کا ذریعہ بننے والی سرگرمیوں کے بارے میں حکومت کو آگاہ کریں تاکہ انتخابی عمل میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ ، بدنظمی اور انتشار سے عوام کو محفوظ رکھاجا سکے اس ضمن میں صوبہ کا محکمہ اطلاعات صحافیوں سے رابطہ کرکے ایک میکنزم تیار کرے تاکہ عوام تک بروقت معلومات تک رسائی کو یقینی بنایا جاسکے ۔

ملاقات میں نگراں وزیر اطلاعات جمیل یوسف نے گورنرسندھ کو عام انتخابات کے دوران میڈیا سے رابطہ اور میکینزم بنانے اور معلومات کی بروقت رسائی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میڈیا کے تعاون سے انتخابی عمل کو ساز گار ، آزادانہ اور پر امن بنانے کے لئے بھرپور اقدامات یقینی بنا رہی ہے ، ملکی تاریخ کے اہم ترین انتخابات میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کو یقینی بنانے کے لئے میڈیا کے تعاون سے بھرپور اقدامات اٹھائے جا ئیں گے ۔