چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت سکیورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس

پولنگ اسٹیشن کے باہر اور اندر فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کوئیک رسپانس فورس کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی ،صوبوں کی طرف سے ہرممکن اقدامات کی یقین دہانی بھی کرائی گئی، حساس اور انتہائی احساس پولنگ اسٹیشن پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی، اجلاس میں فیصلے

جمعرات 14 جون 2018 17:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جون2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان میں گزشتہ روز الیکشن2018ء کے موقع پر سیکورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا،اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر نے کی،اجلاس میں سیکورٹی کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے ،چیف الیکشن کمیشنر نے کہا کہ عام انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی،صاف شفاف غیرجانبدارانہ انتخابات الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے،انتخابات میں الیکشن کمیشن کی معاونت تمام ادارؤں کی ذمہ داری ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں الیکشن2018ء کے موقع پر حساس پولنگ سٹیشن کے اندر اور باہر فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ کوئیک رسپانس فورس کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی ،صوبوں کی طرف سے ہرممکن اقدامات کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے، حساس اور انتہائی احساس پولنگ اسٹیشن پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید کہا کہ اس حوالے سے فاٹا میں فنڈز کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخواہ حکومت صرف سکیورٹی کے حوالے سے ہی انتظامات کررہی ہے۔اجلاس میں فاٹا میں پولنگ سٹیشنوں کے اندر سی سی ٹی کیمروں کی فراہمی یقنی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی جبکہ الیکشن کمیشن اور صوبوں کے درمیان مربوط رابطوں کی حکمت عملی بھی طے کی گئی۔

اس موقع پر الیکشن کمشنر نے کہا کہ عام انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی،صاف شفاف غیرجانبدارانہ انتخابات الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے،انتخابات میں الیکشن کمیشن کی معاونت تمام ادارؤں کی ذمہ داری ہے۔اجلاس میں فوج ،رینجرز اور کوئیک رسپانس کی فورس کی تعداد پر فوج سے مزید رابطوں کا فیصلہ کیا گیا،الیکشن کمیشن کی طرف سے صوبوں کو تمام ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل الیکشن کمیشن ندیم قاسم نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں انتہائی اہم اجلاس ہوا ہے،آج کے اجلاس میں عام انتخابات کی سیکورٹی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے، 2013 کے انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکورٹی پلان ترتیب دیا گیا،20 ہزار کے قریب حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے،صوبائی حکومتیں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی پابند ہوں گی،بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ اور ترسیل فوج کی نگرانی میں ہو گی۔

ندیم قاسم نے مزید کہا کہ پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر فوج تعینات ہو گی،الیکشن ایکٹ 233 کے تحت سیکورٹی اہلکاروں کے لیے ضابطہ اخلاق بھی جاری کیا ہے،ضرورت پڑنے پر سیکورٹی کے حوالے سے نیکٹا سے بھی مدد لی جا سکتی ہے،پریزائڈنگ آفسیرز کی عید کے بعد ٹریننگ شروع ہو گی،صوبائی حکومتوں کو سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں اور پولنگ عملے کی سیکورٹی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی،پچاسی ہزار پولنگ سٹیشنوں کی 45 ہزار لوکیشنز ہیں جہاں فوج تعینات ہو گی۔