راناثناء اللہ کا مقابلہ کرنے کے لیے حکمت عملی ترتیب دے دی گئی ہے، حامد رضا

پوری قوت کے ساتھ انتخابی میدان میں اتر کر ن لیگ کو الیکشن میں کلین بولڈ کردیں گے،چیئرمین سنی اتحاد کونسل پاکستان

جمعرات 14 جون 2018 17:35

راناثناء اللہ کا مقابلہ کرنے کے لیے حکمت عملی ترتیب دے دی گئی ہے، حامد ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جون2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ راناثناء اللہ کا مقابلہ کرنے کے لیے حکمت عملی ترتیب دے دی گئی ہے۔ اہل سنت کو سب سے زیادہ نقصان ن لیگ کی حکومت نے پہنچایا ہے اس لئے صوفیا کے ماننے والے ن لیگ سے شدید نفرت کرتے ہیں ،پوری قوت کے ساتھ انتخابی میدان میں اتریں گے۔

ن لیگ کو الیکشن میں کلین بولڈ کردیں گے۔یارسول اللہ کہنے والے عاشقان رسول ختم نبوت حلف نامہ تبدیل کرنے والوں کو ووٹ نہیں دیں گے۔ ن لیگ نے اہلسنّت کو دیوار کے ساتھ لگانے کی سازش کی۔ ن لیگ کی حکومت نے مساجد سے سپیکر اتارے اور درود و سلام پڑھنے پر پابندی لگائی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ رضویہ میں انتخابی امیدواران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صاحبزادہ حسن رضا، صاحبزادہ حسین رضا، ملک بخش الٰہی، میاں راشدامحمودسدھے میاں اور دیگر بھی موجود تھے۔صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ قوم مودی کے یاروں اور ختم نبوت کے غداروں کو ووٹ نہیں دے گی۔قیام پاکستان سے اب تک برسراقتدار رہنے والے تمام افراد کے کڑے احتساب کی ضرورت ہے۔ اب کرپشن اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ قوم کے 54 ارب روپے لوٹنے والی کمپنیوں کے مالکان کا بیرحم احتساب کیا جائے۔ ن لیگ انتخابی شکست کو یقینی سمجھ کر انتخابات کی ساکھ کو مجروح کرنے کے درپے ہے۔ قوم نے ن لیگ کا فوج و عدلیہ کے خلاف منفی پروپیگنڈہ مسترد کر دیا ہے۔ شریف خاندان تیس سال سے قومی وسائل کو شیر مادر کی طرح ہضم کر رہا ہے۔