چین، پہلے شنگھائی تعاون تنظیم کے فلم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب کا انعقاد

فیسٹیول میں پاکستان کی پانچ فلموں کی نمائش کی جائے عوامی رابطوں اور باہمی معاشرے کے قیام میں مدد ملے گی

جمعرات 14 جون 2018 17:19

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جون2018ء) چین میں پہلے شنگھائی تعاون تنظیم کے فلم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا، ایسے فیسٹیول کے انعقاد سے عوامی رابطوں اور باہمی معاشرے کے قیام میں مدد ملے گی،فلم فیسٹیول میں پاکستان کی پانچ فلموں، جوانی پھر نہیں آنی، پنجاب نہیں جاوں گی، پرچی ، بن روئے، اور چلے تھے ساتھ کی نمائش کی جائے گی۔

چائنا ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق تیرہ تاریخ کو چین کے شہر چھینگ تاو میں پہلے ایس سی او فلم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے شعبہ نشرو اشاعت کے ایگزیکٹو وائس منسڑ اور ریاستی فلم ایڈمنسٹریشن کے سربراہ جناب وانگ شیاو خوئی نے فلم فیسٹیول میں شریک ایس سی او کے ممبر اور مبصر ممالک کے وفود کا خیر مقد م کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فیسٹیول ثقافتی تبادلے کا اہم ذریعہ ہے ۔ اس سے ایس سی او کے ممبر ممالک کے درمیان عوامی رابطوں اور ہم نصیب معاشرے کے قیام میں مدد ملے گی۔فلم فیسٹیول میں ممبر ممالک کی پچپن فلموں کی نمائش کی جائیگی اور آٹھ ممبر ممالک سے دو سو سے زائد افراد شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا چین کی فلمی صنعت بہت بڑی ہے۔ چین میں سالانہ سات سو فلمیں تیار کی جاتی ہیں اور پچپن ہزار سے زائد سینما گھر ہیں۔

چین ایس سی او کے ممبر ممالک کی فلمی صنعت کے ساتھ اپنی مہارت شیئر کرنے پر تیار ہے ۔فلم فیسٹیول میں پاکستان کی پانچ فلموں، جوانی پھر نہیں آنی، پنجاب نہیں جاوں گی، پرچی ، بن روئے، اور چلے تھے ساتھ کی نمائش کی جائے گی۔پاکستان کی ٹی وی انڈسٹری کی ایک معروف شخصیت محترمہ سلطانہ صدیقی فلم فیسٹیول کی جیوری ممبر ہیں جبکہ پاکستانی وفد کی سربراہی وزارت اطلاعات کی ایکسڑنل پبلسٹی ونگ کی ڈائریکٹر محترمہ امبرین جان کر رہی ہیںچین میں تعینات پاکستان کے سفیر جناب مسعود خالد اور ایس سی او کے سیکرٹری جنرل نے بھی فلم فیسٹیول میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :