بھارت فوج کی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی جاری ‘قابض افواج نے مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا

نوجوانوں کی شہادت کی اطلاع ملتے ہی لوگوں نے بھارتی فوج کے خلاف احتجاج شروع کردیا

جمعرات 14 جون 2018 16:03

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جون2018ء) بھارت فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ بدستور جاری ہے ‘ تازہ کارروائی کے دوران مسلح قابض افواج نے مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا‘ نوجوانوں کی شہادت کی اطلاع ملتے ہی عوام مشتعل ہو گئے اور گھروں سے نکل آئے ‘ بھارتی فوج کیخلاف شدید احتجاج کیا۔

(جاری ہے)

جمعرات کو آمدہ اطلاعات کے مطابق مقبوضہ کشمیرکے ضلع باندی پورہ میں بھارتی سیکیورٹی فورسزنے ایک بار پھر اشتعال انگیزی اور بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہوئے آپریشن کے نام پر2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

باندی پورہ میں بھارتی سیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن گزشتہ 6 روزسے جاری ہے۔ نوجوانوں کی شہادت کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں لوگوں کی بڑی تعداد گھروں سے باہرنکل آئی اوربھارتی فوج کے خلاف احتجاج شروع کردیا۔واضح رہے کہ 2016 میں حریت پسند نوجوان برہان وانی کی بھارتی فوج کے ہاتھوں شہادت کے بعد مقبوضہ وادی میں جدو جہد آزادی کی نئی لہر بیدار ہوئی ہے جسے کچلنے کے لیے بھارتی فوج نے بربریت کا ہولناک سلسلہ شروع کررکھا ہے