چئیرمین نادرا کا کارنامہ

سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود دوہری شہریت والوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی وجہ سامنے آ گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 14 جون 2018 15:26

چئیرمین نادرا کا کارنامہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 جون 2018ء) : سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود چئیرمین نادرا نے دوہری شہریت والے عہدیداروں کے خلاف کارروائی نہیں کی جس کی وجہ معروف صحافی مبشر لقمان نے نجی ٹی وی چینل پر اپنے پروگرام میں بتا دی۔ مبشر لقمان نے بتایا کہ چئیرمین نادرا کی سپریم کورٹ کے حکم پر عمل نہ کرنے کی وجہ یہ تھی کہ نادرا کے اپنے ہی کئی عہدے دار دوہری شہریت رکھتے ہیں ۔

اپنے پروگرام میں مبشر لقمان نے دستاویزی ثبوت بھی پیش کر دئے۔ معروف صحافی مبشر لقمان نے اپنے پروگرام میں وہ دستاویزی ثبوت پیش کیے جن کے مطابق نادرا کے کئی اہم عہدے دار ہی دوہری شہریت کے حامل ہیں اور یہی وجہ ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود چئیرمین نادرا دوہری شہریت والے اہم عہدیداروں کے خلاف کارروائی سے گریزاں تھے۔

(جاری ہے)

مبشر لقمان کے مطابق دوہری شہریت رکھنے والوں میں چئیرمین نادرا کے بہنوئی بھی شامل ہیں، اور یہ شخص نادرا میں ہی ڈی جی نیٹ ورکس اینڈ انفارمیشنز سکیورٹیز کو لیڈ کر رہے ہیں، اور ان کے پاس برطانوی شہریت ہے۔

سہیل جہانگیر نامی ایک عہدیدار کے پاس امریکہ کی شہریت ہے، اور یہ نادرا میں ڈی جی ایلین رجسٹریشن کے طور پر کام کر رہے ہیں، مبشر لقمان نے اپنے پروگرام میں بتایا کہ نادرا نے جان بوجھ کربیرون ملک مقیم 70 لاکھ سے زائد افراد کو ووٹ سے محروم کردیا۔ جس کا مقصد ن لیگ کو فائدہ پہنچانا ہے۔ مبشر لقمان نے بتایا کہ چیئرمین نادرا عثمان مبین کے خلاف فواد چوہدری نے سپریم کورٹ کو خط لکھا ہے۔

مبشر لقمان نے مزید انکشاف کیا کہ پانچ سال کے دوران انتقال کرنے والےلاکھوں شہریوں کے شناختی کارڈ بھی منسوخ نہیں کیے گئے جس کے باعث ان کی جگہ کوئی بھی حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے ووٹ ڈال سکتا ہے جو انتخابات کی شفافیت پرسوالیہ نشان ہوگا۔سابق ڈپٹی چیئرمین نادرا سید مظفرعلی نے مبشر لقمان کی خبر کی تصدیق بھی کی۔