وزیراطلاعات و ثقافت کو چیئرمین فلم سنسر بورڈ اور ایگزیکٹو ڈائریکٹرلاہور آرٹس کونسل کی بریفنگ

جمعرات 14 جون 2018 15:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2018ء) نگران وزیر اطلاعات و ثقافت احمد وقاص ریاض نے کہا ہے کہ ملکی اور غیرملکی فلموں کی معیاری سنسر شپ کے لئے پنجاب فلم سنسر بورڈ وفاقی اور دیگر صوبوں کے سنسر بورڈز کے ساتھ قریبی رابطہ رکھے - چیئرمین پنجاب فلم سنسر بورڈ شعیب بن عزیز کی طرف سے ادارے کے معاملات پر بریفنگ کے موقع پر انہوں نے کہا کہ شعیب بن عزیز فیڈرل فلم سنسر بورڈ کے چیئرمین کے ساتھ ملاقات کرکے صوبائی اور وفاقی موضوعات میں اگر کوئی ابہام ہے تو اسے دور کریں- شعیب بن عزیز نے بتایا کہ فلم سنسر شپ پہلے وفاق کا موضوع تھا جو اب صوبوں کو بھی دے دیا گیا ہے، اس وقت فیڈرل اور صوبائی بورڈز اپنی اپنی جگہ پر کام کررہے ہیں- پنجاب فلم سنسر شپ بورڈ میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کے علاوہ 6نجی اور 3سرکاری ممبر شامل ہیں- عثمان پیرزادہ وائس چیئرمین ہیں- اگر کسی غیرملکی فلم میں قابل اعتراض مواد نہ ہو تو وزارت خارجہ این او سی جاری کرتا ہے - اسی طرح کسی فلم میں اپنے صوبے سے متعلق کوئی متنازعہ چیز شامل ہو تو صوبائی سنسر شپ بورڈ اسے کلی یا جزوی طور پر ختم کراسکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس دوران لاہور آرٹس کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیپٹن (ر) عطا محمد خان نے وزیراطلاعات احمد وقاص ریاض کو ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی- وزیراطلاعات وثقافت نے کہا کہ ثقافتی پروگراموں کے ذریعے پاکستان بالخصوص پنجاب کے بارے میں سافٹ امیج سامنے لایا جائے - عیدکے بعد لاہور آرٹس کونسل کا دورہ کروں گا-انہوں نے کہا کہ فنون لطیفہ سے وابستہ افراد کی فلاح و بہبود کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں-