انتخابات 2018 ،ْ الیکشن کمیشن کا سیکیورٹی کیلئے فوج سے مدد لینے کا فیصلہ

آرٹیکل 218 کے تحت شفاف اور پر امن انتخابات الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ،ْ چیف الیکشن کمشنر

جمعرات 14 جون 2018 14:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2018ء) چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت انتخابات کے دوران سیکیورٹی سے متعلق اجلاس میں فوج سے مدد لینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔فیصلے کے مطابق حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعینات کی جائیگی جبکہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی اور ترسیل بھی فوج کی نگرانی میں کروانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

انتخابات کے دوران سیکیورٹی سے متعلق اجلاس میں سیکریٹری داخلہ، سیکرٹری دفاع، ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ملٹری آپریشن (ایم او)، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور انسپکٹر جنرل (آئی جیز) نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران چیف الیکشن کمشنرنے کہا کہ آرٹیکل 218 کے تحت شفاف اور پر امن انتخابات الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے لیکن الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ایگزیکٹو اتھارٹی کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں 20 ہزار سے زائد حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی اور ترسیل بھی فوج کی نگرانی میں کروانے کا فیصلہ کیا گیااس حوالے سے الیکشن کمیش نے صوبائی حکام کو انتخابی عملے سے تعاون کی ہدایت کی۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ امید ہے کہ تمام ادارے عام انتخابات میں قیام امن کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنرز نے پولنگ اسٹیشنز سے متعلق رپورٹ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کی۔