Live Updates

مسلم لیگ (ن) کو فوجی قیادت کے ساتھ کام کرنے میں کوئی اعتراض نہیں ،ْ مشاہد حسین سید

انتخابات میں کامیابی کے بعد پارٹی کے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات معمول کے مطابق ہوں گے ،ْ انٹرویو قومی احتساب بیورو میں دائر ریفرنس میں نواز شریف کی گرفتاری کے امکان کو مسترد کردیا

جمعرات 14 جون 2018 14:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نو تشکیل شدہ میڈیا سیل کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہاہے کہ اگر آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آئی تو اسے فوجی قیادت کیساتھ کام کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ایک انٹرویومیں انہوں نے بتایا کہ انتخابات میں کامیابی کے بعد پارٹی کے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات معمول کے مطابق ہوں گے۔

انہوںنے کہاکہ اگر آپ کو یاد ہو تو حال ہی میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا تھا جہاں ان کی فوج کے اعلیٰ افسران کے ساتھ انتہائی سازگار ماحول میں ملاقات ہوئی تھی۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے ان خدشات کو مسترد کیا کہ غیر منتخب قوتیں انتخابات کا نقشہ بدل سکتی ہیں ،ْ 1988 کے انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ان قوتوں نے اسلامی جمہوری اتحاد کے ساتھ مل کر شہید بینظیر بھٹو کا راستہ روکنے کی کوشش کی تھی تا کہ وہ پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل کر کے حکومت تشکیل نہ دے پائیں۔

(جاری ہے)

انتخابات کے نتائج کے حوالے سے انہوںنے کہا کہ یہ ووٹر کے موڈ پر منحصر ہے کہ وہ انتخابات میں کسے منتخب کرے اور ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ اللہ کے کرم سے ووٹر ہمارے ساتھ ہے اور رہے گا ،ْآپ شریف خاندان کے جلسے دیکھیں عوام کیسے ان کا پرتپاک انداز میں استقبال کرتے ہیں۔قومی احتساب بیورو میں دائر ریفرنس میں نواز شریف کی گرفتاری کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے مشاہد حسین سید نے کہا کہ یہ محض مفروضے ہیں۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام تر دباؤ کے باوجود پارٹی متحد ہے تو کوئی قوت اسے انتخابات میں کامیاب ہونے سے نہیں روک سکتی اس سلسلے میں کیے گئے تمام قومی اور بین الاقوامی سروے بھی مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کی جانب اشارہ کررہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ جولائی میں ہونے والے انتخابات کے نتیجے میں وزیراعظم کے عہدے کے 3 امیدوار متوقع ہیں عمران خان، آصف علی زرداری اور شہباز شریف اور اس بات سے کوئی انکار نہیں کرسکتا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر اپنی کارکردگی کے لحاظ سے سب سے مضبوط امیدوار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کسی کی ذاتیات پر حملے کے بغیر اپنی صاف اور شفاف انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز یکم جولائی سے کریگی جبکہ انہوں نے انتخابات کے التوا کا امکان بھی مسترد کردیا۔علاوہ ازیں، خواتین کی مخصوص نشستوں پر ٹکٹ کی تقسیم میں میرٹ کو نظر انداز کرنے کے معاملے پر انہوںنے کہا کہ اس سلسلے میں نظر ثانی بورڈ تشکیل دے دیا ہے جس میں سابق صوبائی وزیر ذکیہ شاہنواز، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق، کرن ڈار اور نزہت صادق شامل ہیں۔انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ یہ معاملہ جلد حل ہوجائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات