ابو ظہبی:گاڑیوں کی خُونی ریس راہگیر نوجوان کی جان لے بیٹھی

عدالت کی جانب سے دو ملزمان کو ایک ایک سال قید کی سزا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 14 جون 2018 13:12

ابو ظہبی:گاڑیوں کی خُونی ریس راہگیر نوجوان کی جان لے بیٹھی
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جُون 2018ء) دو افراد کو سڑک پر غیر قانونی کار ریس کے دوران ایک نوجوان کو گاڑی تلے کُچل کر ہلاک کرنے کے جُرم میں ایک ایک سال قید کی سزا سُنائی گئی ہے۔ ملزمان کو مقتول کے ورثاء کو خون بہا دینے کی رقم دینے اور ٹریفک کے جُرمانے کی ادائیگی کا حکم بھی سُنایا گیا ہے۔ مقتول اس کار ریس کی ویڈیو بنا رہا تھا جب ایک کار اچانک اُس پر چڑھ دوڑی۔

تفصیلات کے مطابق رواں ماہ کے آغاز میں دو نوجوان کاروں پر ریس لگا رہے تھے جبکہ ایک عربی نوجوان اُن کی ریس کی ویڈیو بنا رہا تھا اچانک اُن میں سے ایک کار بے قابو ہو کر نوجوان پر چڑھ دوڑی جس کے باعث وہ موقعے پر ہی دم توڑ گیا تھا۔ ریس لگانے والے دونوں نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ ان کے خلاف جاری مقدمے میں ابو ظہبی کی ٹریفک کورٹ نے انہیں ایک ایک سال قید کی سزا سُنائی اور دونوں ملزمان کو مشترکہ طور پر مقتول کے ورثاء کو دو لاکھ اماراتی درہم کی رقم بطور خون بہا دینے کا حکم بھی سُنایا گیا۔

(جاری ہے)

غیر قانونی ریس کے جُرم میں ملزمان پر بیس ہزار اماراتی درہم کا ٹریفک جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ حالانکہ عرب امارات میں سڑکوں پر کاروں کی ریس لگانے والے نوجوانوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جاتا ہے مگر پھر بھی اس قسم کے واقعات رُونما ہو جاتے ہیں۔ العین ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ کرنل احمد ال زیودی کا کہنا ہے کہ کار ریس کی خطرناک سرگرمی میں ملوث ڈرائیور‘ اس ریس کو دیکھنے والے افراد یا اس کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے والے ‘ یہ سب لوگ قانون کی زد میں آئیں گے۔

الزیودی کے مطابق کار کی سپیڈ بڑھانے کے لیے اُس میں ترمیم کرنے والے افراد پر ایک ہزار اماراتی درہم کا جرمانہ عائد کیا جاتا ہے اس کے علاوہ ترمیم شدہ گاڑی ایک ماہ کے لیے ضبط بھی کر لی جاتی ہے۔ الزیودی نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے جوان بچوں کی سرگرمیوں کی خصوصی نگرانی کریں اور اُنہیں اس قسم کی خطرناک ڈرائیونگ کرنے سے باز رکھیں تاکہ اس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں اور حاد ثوں سے بچا جا سکے۔