شیخ رشید کے حلقہ این اے 62 میں کس کی پوزیشن مضبوط؟ سروے نے سب کو حیران کر دیا

تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد کے بعد شیخ رشید کی پوزیشن مضبوط، ن لیگ کے جیتنے کی چانسز کم ہیں،معروف صحافی حبیب اکرم کی سروے رپورٹ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 14 جون 2018 13:04

شیخ رشید کے حلقہ این اے 62 میں کس کی پوزیشن مضبوط؟ سروے نے سب کو حیران ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14 جون 2018ء) معروف صحافی و تجزیہ نگار حبیب اکرم کا حلقہ این اے 62 کی سیاسی صورتحال سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا موجودہ حلقہ این اے 62 لال حویلی اور اس کے گرد و ونواح پر مشتمل ہے۔لیکن اس حلقے میں شیخ رشید کی اپنی پوزیشن بہت زیادہ مضبوط نہیں رہی،ماضی میں جب شیخ رشید نے یہاں سے تنہا الیکشن لڑا تو وہ یہاں سے 20 ہزار سے زائد ووٹ نہیں لے سکے۔

لیکن جب بھی شیخ رشید یہاں سے کسی جماعت کے ساتھ مل کر الیکشن لڑتے ہیں تو پھر شیخ رشید کی پوزیشن مضبوط ہو جاتی ہے۔اور اب صورتحال یہ ہے کہ جب سے شیخ رشید نے تحریک انصاف کے ساتھ سمجھوتہ کر رکھا ہے تب سے ان کی حلقے میں پوزیشن مضبوط ہو گئی ہے۔اور اب ہم نے لال حویلی اور اس کے ملحقہ علاقوں میں جا کر سروے کیا تو ہمیں معلوم ہوا کہ شیخ رشید کو یہاں پر وہی سبقت حاصل ہے جو کہ 2013ء میں حاصل تھی۔

(جاری ہے)

حبیب اکرم کا اس حلقے میں ن لیگ کی مقبولیت میں کمی کی وجہ بتاتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ حلقہ ن لیگ کی حکومت میں سب سے زیادہ نظر انداز کیا جانے والا حلقہ ہے۔اور اس کی وجہ چوہدری نثار علی خان رہے ہیں کیونکہ جب چوہدری نثار علی خان ن لیگ کی حکومت کا حصہ تھے تو انہوں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ اس حلقے میں کوئی ترقیاتی کام نہ ہو۔یہاں تک کہ گلی محلوں میں بھی کام نہیں کیا گیا۔

اس حلقے میں لوگوں کو کوئی ترقیاتی فنڈز بھی نہیں دئیے گئے،اس لیے اس حلقے کو ن لیگ نے مکمل طور پر نظر انداز کیا۔حبیب اکرم کا مزید کہنا تھا شیخ رشید پاکستان تحریک انصاف کی مدد کے باہر الیکشن نہیں جیت سکتے۔پروگرام ہیڈ لائن سروے کے مطابق این اے 62 راولپنڈی میں شیخ رشید اور تحریک انصاف کے جیتنے کے چانسز 58فیصد، ن لیگ کے 35 جب کہ دیگر جماعتوں کے جیتنے کے چانسز 07 فیصد ہیں۔