پاکستان کا صرف ایک علاقہ جہاں شوال کاچاند دکھائی دے گا

محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنا دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 14 جون 2018 12:47

پاکستان کا صرف ایک علاقہ جہاں شوال کاچاند دکھائی دے گا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 جون 2018ء) : محکمہ موسمیات نے عید الفطر اور شوال کے چاند سے متعلق ایک اور بیان جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔ شوال کے چاند کی پیدائش گذشتہ رات ہو چکی ہے۔ غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 19 گھنٹے کے قریب ہو گی۔ شوال کا چاند بلوچستان کی ساحلی پٹی پر نظر آنے کا امکان ہے۔

گذشتہ روز موصول ہونے والی خبروں کے مطابق محکمہ موسمیات شوال کے چاند پروزارت مذہبی امور کو تفصیلات بتانے سے گریزاں ہے،وزارت مذہبی امور کوپہلے بتایا گیا کہ 29رمضان کو چاند نظرآنے کے امکانات نہیں،کچھ دیربعد آگاہ کیا کہ چاند نظرآنے کے امکانات ہیں،جس پروزارت مذہبی کا کہنا ہے کہ روزے 29 ہوں یا 30 ہم نے تمام ترانتظامات مکمل کررکھے ہیں۔

(جاری ہے)

عیدالفطر کے قریب آتے ہی بازاروں اور سڑکوں پرعیدالفطر کی خریداری کرنے والوں کا رش مزید بڑھ گیا ہے۔حکومت نے بھی نجی و سرکاری ملازمین کو 14جون سے 18جون تک تعطیلات کا اعلان کردیا ہے۔عیدالفطرکی خوشیوں میں شریک ہونے کیلئے پردیسیوں نے بھی اپنے آبائی گھروں کا رخ کرلیا ہے۔دوسری جانب شوال کے چاند سے متعلق تاحال متضاد اطلات ہیں جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

دوسرے شہروں میں جانے والے لوگوں کوعیدالفطرکی چاند رات کا شدت سے انتظار ہے۔ عید الفطر پر پردیسیوں کا گھر جانا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ بس مالکان نے دوسرے شہروں میں جانے والے پردیسی مسافروں سے زائد کرائے وصول کرنا شروع کردیے،زائد کرایہ وصول کرنے والے بس مالکان کیخلاف ٹریفک پولیس اور موٹروے پولیس بھی متحرک ہوگئی ہے۔موٹروے اور نیشنل ہائی وے پولیس نے اورچارجنگ اور اورلوڈنگ کرنے پر287بسوں اور 116ویگنوں کا چالان بھی کیا تاکہ منہ مانگے کرائے لینے والوں کو روکا جا سکے۔