ماضی کی یادوں کو جگاتی فلم ’’ڈمبو‘‘ کا پہلا ٹیزر سامنے آگیا

یہ فلم 1941 کی کالسیک اینیمیٹڈ فلم پر مبنی ہے ‘فلم ’’ڈمبو‘‘ 29 مارچ 2019 کو ریلیز کی جائے گی

جمعرات 14 جون 2018 11:50

لاس اینجلس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2018ء) ڈزنی اسٹوڈیوز کی ایک اور کارٹون فلم’’ڈمبو‘‘کا لائیو ایکشن ریمیک تیار کیا جارہا ہے اور اس کا پہلا ٹیزر سامنے آگیا ہے۔اگر تو آپ کو ہاتھی کے بچے پر بنی کارٹون فلم یاد ہے تو یقیناً حیرت ہوگی کہ آخر کس طرح اسے لائیو ایکشن ریمیک کی شکل دی جارہی ہے۔یعنی بولتا چوہا، اڑنے والا ہاتھی اور بہت کچھ، کیسے حقیقی زندگی کی شکل میں ڈھالا جائے گا۔

ڈائریکٹر ٹم برٹن اس سے قبل ایلس ان ونڈر لینڈ میں بھی یہ کمال دکھاچکے ہیں اور ڈمبو میں بھی ایسا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔یہ فلم 1941 کی کالسیک اینیمیٹڈ فلم پر مبنی ہے جس میں ایک ایسے ہاتھی کو دکھایا گیا ہے جس کے کان بہت بڑے ہوتے ہیں، جو پروں کا کام سرانجام دیتے ہیں یعنی اسے آسمانوں پر لے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

لائیو ایکس اور سی جی آئی اینیمیشن کے امتزاج پر مبنی اس نئی فلم میں کئی کردار ایسے ہیں جو ماضی کی فلم میں دیکھنے میں نہیں آئے۔

جیسے کولن فرل اور 2 بچے، جو گھاس میں چھپے ڈمبو کو تلاش کرتے ہیں اور ٹیزر کو دیکھ کر لگتا ہے کہ اس میں بولنے والا چوہا ٹموتھی کیو، بھی نہیں ہے۔اسی طرح فلم میں جو سرکس دکھایا گیا ہے اس میں جانوروں کے مقابلے میں انسان زیادہ نظر آتے ہیں۔ٹیزر کے ساتھ ایک پوسٹر بھی جاری کیا گیا جس میں ڈمبو کا سایہ ماضی کی کلاسیک فلم کے ہاتھی سے ملتا جلتا نظر آتا ہے۔ڈزنی کی جانب سے ماضی کی مشہور کلاسیک کارٹون فلموں کو لائیو ایکشن ریمیک کی شکل دی جارہی ہے جن میں جنگل بک، بیوٹی اینڈ دی بیسٹ قابل ذکر ہیں، جو باکس آفس پر کامیاب بھی رہیں۔اسی طرح لائن کنگ اور الہ دین کی بھی لائیو ایکشن فلموں پر کام جاری ہے۔فلم ’’ڈمبو‘‘ 29 مارچ 2019 کو ریلیز کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :