سی پیک کی بدولت پاکستان کے دورآفتادہ علاقے ترقی کے نئے دور میں داخل ہوں گے، پاکستان کے تمام علاقے باالخصوص صوبہ بلوچستان اس منصوبے سے پوری طرح مستفید ہوگا

سیکرٹری منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات شعیب احمد صدیقی کا سی پیک بارے اجلاس سے خطاب

بدھ 13 جون 2018 23:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2018ء) سیکرٹری منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ سی پیک کی بدولت پاکستان کے دورآفتادہ علاقے ترقی کے نئے دور میں داخل ہوں گے، پاکستان کے تمام علاقے باالخصوص صوبہ بلوچستان اس منصوبے سے پوری طرح مستفید ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی پیک کے حوالے سے بلائے گئے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا، اجلاس میں پراجیکٹ ڈائریکٹر سی پیک حسان داود، وزارت توانائی، حکومت بلوچستان اور سندھ کے سنئیر افسران شرکت کی، اس موقع پر سیکرٹری پلاننگ نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ سی پیک میں شامل منصوبوں کے حوالے سے تمام ترمعاملات کو حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گوادر ایک جدید اور ورلڈ کلاس شہر کے طور پر ابھر رہا ہے،پوری دنیا کے سرمایہ کار یہاں ہونے والی ترقی کا انتہائی غور سے جائزہ لے رہے ہیں لہذا اس پورٹ سٹی میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول کو فروغ دینے کیلئے تیز تر اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حکومت بلوچستان کے نمائندے نے بتایا کہ گوادر شہر کی ترقی کیلئے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے، گوادر میں 300میگا واٹ پاور پراجیکٹ کیلئے این او سیز اور اراضی کے حصول کا عمل تیز کردیا گیا، اس عمل کی تکمیل کے ساتھ جلد ہی اس منصوبے پر عملی کام کا آغاز ہوجا ئیگا،اجلاس میں وزارت توانائی کے حکام نے شرکا کوسی پیک منصوبوں پر جاری پیش رفت سے آگاہ کردیا، اس موقع پر سیکرٹری پلاننگ نے ہدایت کی کہ توانائی منصوبوں کے تمام معاملات کو فی الفور حل کریں تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد برقرار رہے۔