پیپلز پارٹی نے اقتصادی راہداری دی اس کا خاکہ دیا ،معاشی طور مضبوط اور مستحکم پاکستان ہمارا مشن ہے، آصف علی زرداری

پیپلز پارٹی ہر طبقے سے تعلق رکھنے والی سیاسی پارٹی ہے ،صنعتکار اور بزنس مین بھی ملک کی خدمت میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں سابق صدر کا لاہور میںافطار ڈنر سے خطاب

بدھ 13 جون 2018 23:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2018ء) پیپلز پارٹی پارلیمینٹرینز کے صدر اورسابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے پاکستان پیپلز پارٹی ہر طبقے سے تعلق رکھنے والی سیاسی پارٹی ہے۔ صنعتکار اور بزنس مین بھی ملک کی خدمت میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔

(جاری ہے)

لاہور میں ممتاز بزنس مین اور ایپٹما کے سابق چیئرمین گوہر اعجاز کی طرف سے دی گئی افطار ڈنر میں شرکت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے ٹیکسٹائل کے شعبہ کی حوصلہ افزائی اور بھرپور کوشش کی تا کہ پاکستان کی مصنوعات عالمی منڈی میں بھی میسر ہوں۔

سابق صدر نے کہا کہ میں نے عالمی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران صرف اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو عالمی منڈی تک رسائی میں مدد کریں۔ آصف زرداری نے کہا پاکستان پیپلز پارٹی انتخابات کے میدان میں ہے اگر عوام نے مینڈیٹ دیا اور پیپلز پارٹی اقتدار میں آئی تو صنعتکار اور بزنس مینوں کی حوصلہ افزائی کریگی۔انہوں نے کہا معاشی طور مضبوط اور مستحکم پاکستان ہمارا مشن ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اقتصادی راہداری دی اس کا خاکہ دیا اس خاکہ کے تحت نیک نیتی سے کام کرنے سے پاکستان اقتصادی طور مضبوط ہوگا۔.