کراچی،پاک سر زمین پارٹی کا رمضان میں شہر میں پانی کے مصنوعی بحران پر مذمت

بدھ 13 جون 2018 22:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2018ء) پاک سر زمین پارٹی کراچی ڈویڑن کے صدر آصف حسنین نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں کراچی میں پانی کے مصنوعی بحران پر سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کے مہینے میں کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کا مصنوعی بحران پیدا کرنا شہری حکومت اورکراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی بدترین کارکردگی اور کھلے کرپشن کا نتیجہ ہے،انہوں نے کہاکہ ایک طرف کے الیکٹرک نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی پہلے ہی اجیرن کردی اور اب پا نی کی عدم فراہمی کے باعث شہر کراچی کے عوام روزے کی حالت میں پانی کے حصول کیلئے در بدر کی ٹھوکریں کھاتے پھر رہے ہیں لیکن حکومت سندھ اور متعلقہ ادارہ اس پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہا ہیانہون نے کہا کہ کراچی میں ٹینکر مافیا کی سرپرستی سندھ اور شہری حکومت کر رہی ہے اور کراچی میں پانی کے بحران کی ذمہ دار سندھ اور شہری حکومت ہیں انہوں نے کہاکہ پانی جیسی بنیادی انسانی ضرورت سے شہریوں کو محروم رکھنا سراسر ظلم و زیادتی اور ناانصافی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہرمیں ٹینکر مافیا پانی کے بحران پر شہریوں کو لوٹ رہی ہے اور شہری پانی کے ٹیکس کی باقاعدگی کے ادائیگی کے باوجود مہنگے داموں ٹینکر خریدنے پر مجبور ہیں انہوں نے کہا کہ پانی انسانی زندگی کی بنیادی ضرورت کے جس کے بغیر کوئی انسان اپنے روز مرہ کی ضروریات اور معاملات زندگی کو مکمل نہیں کر سکتا لیکن کراچی کے عوام کو زندگی کی اس اہم ضرورت سے محروم رکھ کر عوام میں پائی جانے والے احساسی محرومی کومزید پختہ کیا جارہا ہے۔انہوں نے نگرانی وزیر اعلیٰ اور گورنر سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ کراچی میں سوچی سمجھی سازش کے تحت پانیکے مصنوعی بحران کے خاتمے کیلئے اقدامات کریں اور کراچی کے عوام کو پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائیں