پاکستان کوسٹ گارڈزکی اسمگلنگ کے خلاف مختلف کارروائیاں، کروڑوں روپے مالیت کی منشیات ، غیرقانونی ڈیزل ،چھالیہ برآمد

بدھ 13 جون 2018 21:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2018ء) ملک دشمن عناصر کی طرف سے اندرون/بیرون ملک اسمگلنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے کے لیے پاکستان کوسٹ گارڈزنے اپنی ذمہ داری کے علاقوں میں گشت اور چیکنگ میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہوا ہے۔پاکستان کوسٹ گارڈز نے گذشتہ 15دنوں کے دوران مختلف جگہوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف اشیاء اور منشیات برآمد کیں ،ناکہ کھاری چیک پوسٹ (بلوچستان) چیکنگ کے دوران مختلف مسافر کوچز سی22.5کلوگرام حشیش اور 480گرا م ہیروئن(کرسٹل) برآمد کی گئی اور10 اسمگرز کو گرفتار کیاگیا جن سے مزید تفتیش جاری ہے ۔

کراچی میں سپر ہائی وے کے قریب ٹرک کی تلاشی کے دوران 246بوری چھالیہ برآمد کی گئی اور 02افراد کو گرفتار کیا گیا جن سے مزید تفتیش جاری ہے ۔

(جاری ہے)

گوادر کے قریب شاہ جہان روڈ چیک پر چیکنگ کے دوران مسافر کوچ سے 225کلو گرم چھالیہ برآمد ، سمندر میں چیکنگ کے دوران ایک لانچ سے 4,500لیٹر اسمگل شدہ ڈیزل برآمد کیا، پاک ایران بارڈر پر کارروائی کرتے ہوئی05تارکین وطن کو گرفتار کیا گیا یہ تمام پاکستانی شہری ہیں اور غیر قانونی طور پرایران جانیکی کوشش کر رہے تھے۔

تمام اسمگل کی جانے والی منشیات ، غیر قانونی ڈیزل،چھالیہ اور 12اسمگلرز اور05تارکین وطن کو پاکستان کوسٹ گارڈز نے اپنی تحویل میںلے لیا ہے اور مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے ۔ پکڑی جانے والی منشیات ،متفرق اشیاء کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔پاکستان کوسٹ گارڈز اس امر کا اعادہ کرتی ہے کہ مستقبل میںبھی اس طرح کی کاروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی تا کہ وطنِ عزیز کو اس لعنت سے نجات دلائی جا سکے اور اس مقصد کے حصول کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے گا۔