Live Updates

عمران خان کو سعودی عرب میں بھرپور پروٹوکول ملنے پر ن لیگ کی قیادت پریشان

ن لیگ کے رہنماوں نے نواز شریف سے اس معاملے پر سعودی حکومت کیخلاف احتجاج کرنے کا مطالبہ کردیا

muhammad ali محمد علی بدھ 13 جون 2018 21:24

عمران خان کو سعودی عرب میں بھرپور پروٹوکول ملنے پر ن لیگ کی قیادت پریشان
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 جون 2018ء) عمران خان کو سعودی عرب میں بھرپور پروٹوکول ملنے پر ن لیگ کی قیادت پریشان، ن لیگ کے رہنماوں نے نواز شریف سے اس معاملے پر سعودی حکومت کیخلاف احتجاج کرنے کا مطالبہ کردیا۔ قومی اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت نے میاں نواز شریف کو سعودی حکومت سے احتجاج کرنے کا کہا ہے کہ جب میاں نواز شریف اقتدار میں تھے تو سعودی حکومت ان کا دم بھرتی تھی اب جبکہ وہ اقتدار سے فارغ ہوگئے ہیں تو سعودی حکومت نے عمران خان کا استقبال شروع کر دیا ہے,انھیں ایئر پورٹ پر ایک حکمران کا پروٹوکول دیا گیا اور انھیں مدینہ منورہ میں خصوصی گاڑی بھی مہیا کی گئی جو عام طور پر عرب شہزادوں،بزرگ اور ٹانگوں سے محروم افراد کے لئے استعمال کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کی قیادت نے میاں نواز شریف کو مطلع کیا ہے کہ سعودی حکومت کے اس رویے سے ان کے ووٹ بینک پر برا اثر پڑے گا اب اسی طرح کا استقبال مکہ مکرمہ میں عمران خان کا سعودی حکومت کے کرنے اور انھیں باضابطہ پروٹوکول دینے کا جو فیصلہ کیا ہے وہ پاکستان کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کے ووٹ بینک کو شدید متاثر کرے گا سعودی حکومت کے اس پروٹوکول کو روکنے یا اس کی تشہیر روکنے کے اقتدامات کرنے کے لئے فوری رابطہ کیا جائے۔

یاد رہے کہ عمران خان گذشتہ روز جب مدینہ منورہ پہنچے تو انھوں نے مدینہ منورہ کی سرزمین پر جوتے اتار دیئے اور انھوں نے وہاں جوتا نہیں پہنا جسے پاکستان میں بریلوی مکتبہ فکر نے انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا ہے۔جبکہ میاں نواز شریف جب بھی سعودی عرب جاتے تھے وہ سعودی عرب کے حکمرانوں اور ان کے مسلک کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنے مسلک کو بھول جاتے تھے۔مسلم لیگ ن کی قیادت نے سوشل میڈیا پر عمران خان کی پذیرائی کو اپنے لئے مہلک قرار دیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات