شاہین ایئر انٹرنیشنل کے چیئرمین نے ایئر لائن کے خلاف افواہوں کی تردید کر دی

بدھ 13 جون 2018 21:34

شاہین ایئر انٹرنیشنل کے چیئرمین نے ایئر لائن کے خلاف افواہوں کی تردید ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2018ء) شاہین ایئر انٹرنیشنل کے چیئرمین، کاشف صہبائی نے تمام افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایئر لائن اپنی پوری صلاحیت کے مطابق کام کر رہی ہے اور اس کے تمام آپریشنز جاری ہیں۔ایئر لائن کے چیئرمین، کاشف صہبائی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، احسان صہبائی نے،کراچی کے ایک ہوٹل میں ٹریول ایجنٹس کے اعزاز میں افطار اور عشائیے کا اہتمام کیا۔

اس موقع پر کاشف صہبائی نے شرکاء سے شاہین ایئر کی آپریشنل صلاحیت اور اور پاکستان میں ایوی ایشن سیکٹر کے بارے میں بات چیت کی۔اپنے خطاب میں،چیئرمین نے، ایئر لائن کو درپیش مشکلات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا،’’ہم واحدایئر لائن نہیں ہیں جسے آپریشنز میں مشکلات کا سامنا ہے بلکہ مجموعی طور پر پاکستان کا ایوی ایشن سیکٹر مشکل دور سے گزر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ہمیں بھی اسی نوعیت کے چیلنجوں کا سامنا ہے لیکن ہم جانتے ہیں کہ،ملک کی دوسری بڑی ایئر لائن کے طور پر،ان معاملات سے کس طرح نمٹا جائے۔ہم ایوی ایشن انڈسٹری کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں جس سے دوسری ایئر لائنز کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ ‘‘پاکستان میں ایوی ایشن انڈسٹری کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایئرلائن کے شعبہ میں موجودہ عدم تحفظ کی وجہ ایوی ایشن سیکٹر میں غیریقینی پالیسی سازی ہے۔

ایندھن کی قیمتوں میں اضافے اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی نے حج کی ہماری منصوبہ بندی میں خلل پیدا کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا،’’یہ شاہین ایئر کا طرہ امتیاز رہا ہے کہ اس نے ایوی ایشن انڈسٹری کی خوشحالی کی غرض سے کیے جانے والے اقدامات کے لیے پیش پیش رہا ہے اور آنے والے مہینوں میں شاہین ایئرکی کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے جس سے پاکستان کی دوسری ایئر لائنز کوبھی فائدہ پہنچے گا۔‘‘شاہین ایئر کے چیئرمین نے حج آپریشن میں شمولیت کا اعلان بھی کیا اور اختتام پر پاکستان کی ٹریول انڈسٹری کا شکریہ ادا کیا جس نے ہمیشہ شاہین اِیئر پر اعتماد کیا ہے اور اپنی اعانت فراہم کی ہے۔