عا م انتخابات سنہری موقع ہے ،ْ عوام کرپٹ ،ْراشی حکمرانوں کو مسترد کردیں ،حافظ نعیم الرحمن

اگر شہر کا اقتدارانہی کرپٹ و نااہل لوگوں کے پاس رہا تو حالات کبھی تبدیل نہیںہوں گے، ناظم آباد میں تقریب تحفہ عید سے خطاب

بدھ 13 جون 2018 21:30

عا م انتخابات سنہری موقع ہے ،ْ عوام کرپٹ ،ْراشی حکمرانوں کو مسترد کردیں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2018ء) جماعت اسلامی کراچی کے امیر ، متحدہ مجلس عمل کراچی کے صدر اور این اے 250 سے قومی اسمبلی کے کے نامزد امیدوار حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کرپٹ حکمرانوں نے محروموں و مجبوروں کے نام پر سیاست کرکے ان کی محرومیوں میں مزید اضافہ کیا ،شہر کے وسائل شہر پر خرچ کرنے کے بجائے اپنے بنک بیلنس میں اضافہ کیا گیا، اگر شہر کا اقتدارانہی کرپٹ و نااہل لوگوں کے پاس رہا تو حالات کبھی تبدیل نہیںہوں گے، عام انتخابات میں عوام کے پاس سنہری موقع ہے ،اپنا حق حاصل کرنے کے لیے حق و سچ کا ساتھ دیں اور اب اہل اور دیانت دار قیادت کا انتخاب کر کے انتخابات میں متحدہ مجلس عمل کو کامیاب کریں تاکہ شہریوں کے مسائل بہتر طریقے سے حل ہوسکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کی شب جماعت اسلامی زون ناظم آباد گلبہار کے تحت ’’تقریب تحفہ عید ‘‘سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع وسطی کے امیر منعم ظفر خان ، پی ایس 128کے نامزد امیدوار سید وجیہہ الحسن ،امیر زون سہیل زیدی اور سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے ۔تقریب میں 2000سے زائد بچوں اور بچیوں میں عید کے جوڑے تقسیم کیے گیے اور بچیوں کو مفت مہندی بھی لگائی گئی۔

تقریب میں 1سے 12 سال تک کے بچوں اور بچیوں کے لیے مفت سوٹ بھی فراہم کیے گیے۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ میں جماعت اسلامی زون ناظم آباد گلبہار اور مجلس عمل کے کارکنان کی پوری ٹیم کو مبارکبا د پیش کرتاہوں جنہوں نے ہر سا ل کی طرح امسا ل بھی سفید پوش گھرانوں سے تعلق رکھنے والوں کے لیے پروقار تقریب کا انعقاد کیا اور عید کی خوشیوں میں ان کا سہارا بنے۔

انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے شہریوں کے بجلی کے بل اتنے مہنگے کردیے ہیں کہ عوام پریشان حال ہیں کہ بجلی کا بل بھریں یا اپنے بچوں کو اچھی تعلیم اور عید کے لیے نئے کپڑے دلواسکیں ۔ شہر میں بجلی کے ساتھ ساتھ پانی کی فراہمی کا مسئلہ بھی سنگین صورت اختیار کرچکا ہے ،شہری و بلدیاتی حکومتوں نے پانی ، بجلی اور بنیادی ضروریات زندگی سے محروم کر کے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے اقتدار میں نہ ہونے کے باوجود بھی شہریوں کے حقوقِ کے لیے جدو جہد کی، بجلی اور پانی کے مسائل حل کرائے ۔شہر کا مینڈیٹ رکھنے والوں نے شہریوں کے مسائل حل کرنے کے بجائے ہمیشہ سے اختیارات کا رونا رویا اور اربوں روپے کی کرپشن کر کے شہر کا پیسہ شہریوں کے بجائے کرپشن کی نذ ر کیا ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی شہر کی اپنی ایک شناخت اور پہچان تھی اس شہر نے علامہ شاہ احمد نورانی ، پروفیسر غفور احمد ، عبد الستار افغانی ،نعمت اللہ خان جیسے لوگ تیار کیے جنہوں نے شہر کی بے لوث خدمت کی اور شہر کو ترقی کی جانب گامزن کیا ۔

کراچی کے لوگوں کو اب فیصلہ کرنا ہوگا کہ کراچی کو پھر سے تاریکی کی جانب دھکیلنا چاہتے ہیں یا شہر چمکتا ، دھمکتا روشن بنانا چاہتے ہیں ۔ جماعت اسلامی کا ماضی روشن ہے ،ہم نے شہر کی خدمت کی او رآج تک مخالف جماعت بھی ہم پر ایک روپے کا کرپشن کا الزام بھی نہیں لگاسکی اس لیے اب اہل اور دیانت دارقیادت کا انتخاب کریں تاکہ شہر میں ایک مرتبہ پھر روشنیاں بحال ہوسکیں۔