بلدیہ وسطی مون سون بارشو ں کے پیش نظر اہم اجلاس کا انعقاد

فوری طور پر برساتی نالوں کو صاف کرنا اور برساتی پانی گزرنے کے قابل بنائے رکھنا ، سیوریج لائنوں کا ورکنگ کنڈیشن میں ہونا نہایت ضرور ی ہے، چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کا اجلاس سے خطاب

بدھ 13 جون 2018 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2018ء) محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں آئندہ چند روز میں مون سون بارشوں کے شروع ہونے کے پیشِ نظر بلدیہ عالیہ کراچی وسطی کے مرکزی آفس واقع لیاقت آباد میں چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کی صدارت میں اہم اجلاس کا انعقاد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر سینٹرل آصف جان صدیقی کی خصوصی شرکت۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھرپورتعاون کی یقین دہانی۔

اجلاس میں سپریٹنڈنگ انجینئر بلدیہ وسطی، ڈائریکٹر سینی ٹیشن،ڈائریکٹر ایڈمن، ڈائریکٹر موٹر وہیکل، ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ سینٹرل،چاروں زونز کے xens بلڈنگ و روڈز،xen مکینکل اینڈ الیکٹریکل و دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہوں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے .چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کہا کہ کراچی کی عوام بارش کو ترستے ہیں اور بارشوں کے لئے سب لوگ دٴْعاکررہے ہیں لیکن ہماری ذراسی کوتاہی بارش کو رحمت سے زحمت بناسکتی ہے۔

(جاری ہے)

اسلئے فوری طور پر برساتی نالوں کو صاف کرنا اور برساتی پانی گزرنے کے قابل بنائے رکھنا ضروری ہے۔ جبکہ سیوریج لائنوں کا ورکنگ کنڈیشن میں ہونا نہایت ضرور ی ہے ورنہ گنداپانی بارش کے پانی کے ساتھ مل گیا تو سارے ضلع میں گندگی اور تعفّن پھیل جانے کااندیشہ ہے۔ انہوں نے کراچی واٹر و سیوریج بورڈ کے ذمہ داران سے کہا کہ وہ بارشوں سے قبل سیورئج سسٹم کو بہتر کرلیں تاکہ دوران برسات عوام کو سیوریج کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

دوسری جانب برساتی نالوں پر قائم ناجائز تجاوزات بھی نالوں کی کارکردگی کو متاثر کرتے ہیں۔ کیونکہ لوگ اپنے گھروں اور کاروبار کا کوڑا کرکٹ نالوں میں ڈالتے ہیں جس کی وجہ سے برساتی نالے کوڑے کے ڈھیر بنتے جارہے ہیں۔اسلئے ضروری ہے کہ برساتی نالوں پر قائم ناجائز تجاوزات کو ختم کیاجائے۔ اس موقع پر سپریٹنڈنگ انجینئر نے بتایا کہ بلدیہ وسطی کے دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مون سون کی بارشوں سے پہلے ہی برساتی نالوں کوصاف کرنے کا لائحہ عمل تیار کر چکے ہیں۔

سپریٹنڈنگ انجینئر نے بتایا کہ مشینری کی کمی کی وجہ سے KMC سے ہیوی مشینری کی مدد طلب کی گئی ہے واضح رہے کہ بلدیہ وسطی میں قائم چھوٹے بڑے برساتی نالوں کی طوالت تقریباّ 124 کلومیٹر ہے جبکہ گجر نالہ ،اورنگی نالہ اور لیاری ندی بھی ضلع وسطی کی حدود سے گزرتے ہیں۔ ضلع وسطی سے سیوریج لائنوں کا پانی اِن ہی نالوں میں گِرتا ہے جو اس پانی کو گجر نالے کے ذریعے لیاری ملیر ندی تک پہنچاتے ہیں۔ تاہم بارشوں کے پیشِ نظر بلدیہ وسطی کی انتظامیہ کو نالوں کی صفائی اوّلین ترجیح دینی ہوگی جبکہ ایسے درختوں کو کٹوانا ہوگا کہ جن کا آندھی یا تیز ہواکے سبب گرجانے کا خدشہ ہو۔#