ملتان کی ایک اور اہم ترین اور مصروف سڑک جگہ جگہ سے زمین میں دھنس گئی

ماڈل 3 روڈ ایک ہی سال میں 6 مختلف جگہوں سے دھنس چکی ہے،مقامی رہائشی سخت پریشان ہو گئے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 13 جون 2018 19:54

ملتان کی ایک اور اہم ترین اور مصروف سڑک جگہ جگہ سے زمین میں دھنس گئی
ملتان (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-13 جون 2018ء) :ملتان کی ایک اور اہم ترین اور مصروف سڑک جگہ جگہ سے زمین میں دھنس گئی۔ ماڈل 3 روڈ ایک ہی سال میں 6 مختلف جگہوں سے دھنس چکی ہے،مقامی رہائشی سخت پریشان ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں اتنی ترقی شائد ہی کسی اور شعبے میں کی ہو جتنی ترقی سڑکوں کے معاملے میں کی ہے۔

میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے صوبے کے طول عرض میں سڑکوں کا جال بچھا دیا ہے مگر ملتان میں سٹرکوں کی ابتر صورتحال نے انتظامیہ کی نااہلی کا پول کھول دیا۔سڑکوں کی حالت اس قدر خراب ہے کہ یہ سڑکیں بھاری ٹریفک کا وزن برداشت کرنے کے قابل بھی نہیں ہیں۔ملتان میں کچھ روز قبل ایسے ہی مناظر دیکھنے کو ملے جب میٹرو بس سڑک میں دھنس گئی اور بعد ازاں اسے کرینوں کی مدد سے نکالا گیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ آئی ہے کہ ملتان کی ماڈل روڈ 3 بھی ایک سال میں 6 بار جگہ جگہ سے دھنس گئی۔اس حوالے سے مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ کچھ عرصہ قبل سیوریج کے لیے گڑھے کھودے گئے تھے اور پھر ان کو بھرنے کے لیے بجری کی بجائے صرف اور صرف مٹی کا استعمال کیا گیا اور بعد میں اسی پر ناقص میٹیریل ڈال کر کہا گیا کہ سڑک بنا دی گئی ہے۔عوام کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے اس حوالے سے سنجیدہ نوٹس نہ لیا تو یہ چیز کسی بڑے حادثے کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی سورج میانی روڈ پر اس طرح کے دو واقعات تسلسل سے پیش آ چکے ہیں ۔ایک واقعہ میں سپیڈو بس سڑک میں دھنس گئی تھی اور ایک میں ٹرک دھنسا تھا اور یہ دونوں واقعات سورج میانی روڈ پر ہی پیش آئے تھے۔